سائنسدانوں نے بلیک ہول سے 10 کھرب سورج جتنی روشنی والا فلیئر ریکارڈ کرلیا، بلیک ہول سورج کے مقابلے میں300 ملین گنا زیادہ بڑا ہے۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کےمطابق ماہرین فلکیات نے دعویٰ کیا ہے کہ کائنات کا سب سے طاقتور بلیک ہول فلیئر ریکارڈ کیا گیا ہے، توانائی کا زبردست اخراج ایک غیرمعمولی بڑے ستارے کے قریب آنے سے ہوا، ستارہ بلیک ہول کے بہت قریب آیا تو ’’اسپگیٹیفائی‘‘ ہوگیا۔سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ستارہ بلیک ہول کی کشش ثقل سے لمبا اور باریک ہوکر ٹکڑوں میں بٹ گیا، مادہ بلیک ہول کے گرد چکر لگاتے ہوئے روشنی اور حرارت میں تبدیل ہوا۔غیرملکی خبرایجنسی نے بتایا کہ تحقیق منگل کو سائنسی جریدے ”نیچرایسٹرونومی“ میں شائع کی گئی، مطالعہ کی قیادت کیلیفورنیا انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ماہر میتھیو گراہم نے کی،خبرایجنسی نے بتایا کہ ریکارڈ کیا گیا بلیک ہول سورج کے مقابلے میں 300 ملین گنا زیادہ بڑا ہے، واقعہ زمین سے تقریباً 11 ارب نوری سال دور کہکشاں میں پیش آیا۔سائنسدانوں نے ستارے کا حجم سورج سے 30 سے 200 گنا زیادہ بتایا ہے، فلیئر پہلی بار 2018 میں کیلیفورنیا کے پالو مارآبزرویٹری میں دیکھا گیا۔فلیئر 3 ماہ میں اپنی انتہا پر پہنچا، روشنی میں 30 گنا اضافہ ریکارڈ ہوا، اب مدہم ہورہا ہے، سائنسدانوں کے مطابق دریافت سے کائنات کے ابتدائی ادوار کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔اگر کوئی شخص بلیک ہول میں گرے گا تو کیا ہوگا؟ ناسا نے ناقابل یقین ویڈیو بنا لی