نیویارک: سابق امریکی صدور براک اوباما اور بل کلنٹن نے ظہران ممدانی کو نیویارک کا میئر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔براک اوباما نے اپنے بیان میں کہا کہ “میں آج رات کامیاب ہونے والے تمام ڈیموکریٹک امیدواروں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ہم ایسے رہنماؤں کے گرد متحد ہوئے ہیں جو عوام کے مسائل کی پرواہ کرتے ہیں۔ ابھی بہت کام باقی ہے لیکن مستقبل اب کچھ زیادہ روشن دکھائی دیتا ہے۔”سابق صدر بل کلنٹن نے بھی ظہران ممدانی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ “میں آپ کی کامیابی کے لیے دعاگو ہوں۔”خیال رہے امریکا کے سب سے بڑے شہر نیویارک میں میئر کے امیدوار ظہران ممدانی کامیاب ہوگئے اور نیویارک کے پہلے مسلم اور جنوبی ایشیائی نژاد میئر بن گئے۔مسلمان امیدوار ظہران ممدانی اس مقابلے میں سابق گورنر اینڈریو کومو اور ری پبلکن امیدوار کرٹس سلوا کے ساتھ مقابلہ کررہے تھے۔خود کو سوشلسٹ ڈیموکریٹ قرار دینے والے 34 سالہ ظہران ممدانی کی جیت کو ریپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے لیے ایک دھچکا قرار دیا جا رہا ہے جن کی دوسری مدت صدارت کے آغاز سے اب تک یہ سب سے اہم انتخابات ہیں۔