(09 نومبر 2025): برازیل کی ریاست پارانا میں طوفانی بگولے نے قیامت ڈھا دی، 250 کلو میٹر فی گھنٹہ رفتار کی ہواؤں نے ریوبونیٹو شہر کو ملبے کا ڈھیر بنا دیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیلی حکام نے ہفتے کے روز بتایا کہ برازیل کے جنوبی حصے پارانا میں طاقت ور آندھی (ٹورنیڈو) نے ایک قصبے ریوبونیٹو کو بالکل تباہ کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد ہلاک اور تقریباً 750 زخمی ہو گئے ہیں۔انتہائی تیز رفتار اور خوف ناک ہواؤں نے درخت اکھاڑ دیے، درجنوں گاڑیاں تباہ کر دیں، مواصلاتی نظام درہم برہم کر دیا، اور کئی علاقے اندھیرے میں ڈبو دیے، ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے۔یہ طوفان جمعہ کی شام کو آیا، پارانا ریاست میں واقع ریوبونیٹو کی آبادی تقریباً 14 ہزار ہے، حکام کے مطابق طوفان نے چند ہی منٹوں میں گاڑیوں کو کھلونوں کی طرح الٹ پلٹ دیا اور عمارتوں کو ملبے کے ڈھیر میں بدل دیا۔ #ÚltimaHora Un tornado azotó este viernes el municipio de Rio Bonito do Iguaçu en el suroeste de Brasil, dejando a su paso un rastro de destrucción. Cortesía #Brasil pic.twitter.com/A258PAB3rk— (@polianalitica) November 8, 2025 A tornado devastated Rio Bonito do Iguaçu in Brazil's Parana, killing at least six people, collapsing roofs and displacing about a thousand residents while firefighters searched for more victims https://t.co/h3rwe8Vp2a pic.twitter.com/ZKB9gunObZ— Reuters (@Reuters) November 9, 2025 یہ طوفان صرف چند منٹ جاری رہا، لیکن اس کے ہواؤں کی رفتار 250 کلومیٹر فی گھنٹہ (155 میل فی گھنٹہ) تک تھی۔ فضائی تصاویر میں دیکھا گیا کہ قصبے کا بیش تر حصہ صفحۂ ہستی سے مٹ چکا ہے، ہر طرف ٹوٹی ہوئی عمارتیں اور ملبہ بکھرا ہوا ہے۔ہفتے کے روز متاثرہ اور دماغی طور پر صدمے میں مبتلا باشندے اپنے گھروں کے ملبے میں سے کچھ باقی ماندہ سامان تلاش کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ حکام نے کہا ہے کہ قصبے کے 90 فی صد علاقے کو نقصان پہنچا ہے۔پارانا کی سول ڈیفنس ایجنسی کے سربراہ نے نیوز پورٹل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ کسی جنگ کے منظر کی طرح لگتا ہے۔ انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ مزید ہلاکتوں کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پارانا میں خطرناک طوفانی موسم کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، تیز ہواؤں، بارشوں اور ژالہ باری سے کئی ریاستوں کے شہروں کو نقصان پہنچا ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ سال برازیل کے جنوبی علاقے میں شدید سیلاب آیا تھا جس میں 200 سے زائد افراد ہلاک اور 20 لاکھ بے گھر ہو گئے تھے، خصوصاً ریو گرانڈی دو سل ریاست میں۔ یہ واقعہ برازیل کی حالیہ تاریخ کی بدترین قدرتی آفات میں سے ایک تھا، اور ماہرین کے مطابق عالمی حدت (گلوبل وارمنگ) نے ان سیلابوں میں اہم کردار ادا کیا۔