سعودی عرب (13 نومبر 2025): حرمین شریفین انتظامیہ کا پویلین زائرین کو خصوصی روحانی اور تخلیقی سفر پر لے جاتا ہے۔حرمین شریفین انتظامیہ کا پویلین ’’حج وعمرہ کانفرنس ونمائش 2025‘‘ میں آنے والے زائرین کو خصوصی روحانی اور تخلیقی سفر پر لے جاتا ہے، جس کا عنوان ’حواس خسمہ کا سفر: کعبہ سے روضہ اطہر ﷺ تک‘ ہے۔سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ تجربہ حرمین شریفین کی بے مثال دیکھ بھال اور خدمت کو انٹرایکٹو انداز میں پیش کرتا ہے جو زائر کے دل و احساسات کو گہرائی سے چھو لیتا ہے۔سفر کا آغاز سماعت کے گوشے سے ہوتا ہے جہاں اذان اور تلاوتِ قرآن کی روح پرور آوازیں اعلیٰ معیار میں گونجتی ہیں جو حرمین کے روحانی ماحول کا عکس پیش کرتی ہیں۔زائرین یہاں جدید صوتی نظام سے بھی متعارف ہوتے ہیں جنہیں 270 سے زائد انجینئرز اور ماہرین چلاتے ہیں، بشمول خودکار ایمرجنسی نظام جو کسی بھی تکنیکی خرابی کی صورت میں فوراً فعال ہو جاتا ہے۔ اس حصے میں زائرین ایک مکمل انٹرایکٹو سٹوڈیو کے ذریعے اذان اور امامت کی عملی مشق کا تجربہ بھی حاصل کر سکتے ہیں۔لمس کے گوشے میں زائر کو حرمین کی تعمیر میں استعمال ہونے والے اعلیٰ معیار کے مواد کو چھونے کا موقع ملتا ہے، جیسے مسجد الحرام کی زمین میں بچھایا گیا سفید ماربل، اعلیٰ درجے کے قالین اور کعبہ شریف کی سنہری چمک والی ریشمی و نقرئی غلاف کے دھاگے۔ اس حصے میں وی آر کی مدد سے زائر کعبہ کی غلاف کعبہ کی تبدیلی کی تقریب کو بھی تفصیل سے دیکھ سکتا ہے۔بصر کے گوشے میں کعبہ مشرفہ اور مسجد نبوی ﷺ کے تھری ڈی ماڈلز نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں۔ ان میں حجرِ اسود، بابِ کعبہ اور مسجد نبوی ﷺ کے متحرک گنبد جیسے نمایاں آثار دکھائے گئے ہیں تاکہ زائر حرمین کے فنِ تعمیر کو قریب سے محسوس کر سکے۔سونگھنے کے گوشے میں زائر کو وہ خوشبوئیں گھیر لیتی ہیں جو روزانہ پانچ مرتبہحرمین شریفین کو معطر کرنے کے لئے استعمال ہوتی ہیں جن میں عمدہ عود و بخور شامل ہیں۔ یہاں حجرِ اسود اور کعبہ کے لئے مخصوص عطریات کی تیاری کے مراحل بھی دکھائے گئے ہیں۔آخر میں ذائقے کے گوشے میں زائر زمزم کا ذائقہ چکھتا ہے۔ اس کے تین بنیادی چشموں اور جدید پیکنگ و تقسیم کے طریقوں سے واقف ہوتا ہے نیز مدینہ منورہ کی مشہور عجوہ کھجور بھی چکھنے کا موقع پاتا ہے۔یہ جامع حسی تجربہ علم، روحانیت اور ٹیکنالوجی کا حسین امتزاج پیش کرتا ہے جو سعودی عرب کی جانب سے حرمین شریفین کی خدمت اور نگہداشت کے عالمی پیغام کو ’مکہ سے دنیا تک‘ پہنچاتا ہے۔