ترکیہ (11 نومبر 2025): میئر استنبول کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات میں 2 ہزار سال سے زائد قید کی درخواست کی گئی ہے۔برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق ترکیہ کے سب سے بڑے شہر استنبول کے میئر اکرم امام اوغلو کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات میں چیف پراسیکیوٹر کی جانب سے انہیں 2 ہزار سال سے زائد قید کی سزا دینے کی درخواست کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق میئر استنبول کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات کی سماعت کے دوران چیف پراسیکیوٹر نے اکرم امام اوغلو پر 142 بدعنوانی کے جرائم کا الزام عائد کیا۔ اس کے ساتھ ہی 401 افراد کے خلاف بدعنوانی نیٹ ورک میں ملوث ہونے کی فرد جرم پیش کی۔اس فرد جرم میں میئر کے ساتھ مجرمانہ بدعنوانی کے نیٹ ورک کو اس کے "بانی اور رہنما” کی حیثیت سے چلانے اور ریاست کو 3 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔دوسری جانب میئر استنبول اکرم اوغلو اور ان کی ری پبلکن پیپلز پارٹی نے ان تمام الزامات کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔واضح رہے کہ اکرم اوغلو کو صدر ترکیہ رجب طیب اردوان کا مرکزی سیاسی حریف سمجھا جاتا ہے اور وہ رواں برس مارچ سے بدعنوانی مقدمات میں جیل میں قید ہیں۔