تل ابیب (9 نومبر 2025): فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے 2014 کی جنگ کے دوران ہلاک کیے گئے اسرائیلی فوجی کی لاش برآمد کر لی۔یہ دعویٰ ٹائمز آف اسرائیل کی جانب سے شائع رپورٹ میں کیا جا رہا ہے۔ اس نے حماس کے ایک اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مزاحمتی تنظیم نے اسرائیلی فوجی لیفٹیننٹ حدر گولڈن کی لاش برآمد کر لی جسے 2014 کی غزہ جنگ کے دوران ہلاک کیا گیا تھا۔رپورٹ کے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈز کے سینئر اہلکار نے کہا کہ حدر گولڈن کی لاش غزہ کے جنوبی علاقے رفح میں اسرائیل کے زیر قبضہ علاقے میں موجود تھی۔ذرائع نے بتایا کہ اس دوران حماس کے 6 مزاحمت کاروں کی لاشیں بھی برآمد کی گئیں جو اس جنگ میں شہید ہوئے تھے۔حماس کی جانب سے لاشیں برآمد ہونے کی ویڈیو سامنے آئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اسرائیلی فوجی کی لاش کو سرنگ سے نکالا جا رہا ہے۔واضح رہے کہ حماس کی جانب سے یہ اعلان نہیں کیا گیا کہ وہ اس لاش کو اسرائیل کے حوالے کرے گی یا نہیں، حدر گولڈن کی لاش غزہ میں 4117 دنوں تک رہی۔اسرائیلی دفاعی فورسز (آئی ڈی ایف) کے چیف آف سٹاف لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر نے حدر گولڈن کے گھر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اس کے والدین سے ملاقات کی۔حدر گولڈن کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ وہ لاش کی اسرائیل واپسی کی سرکاری تصدیق کا انتظار کر رہے ہیں۔