روم (12 نومبر 2025): اٹلی کے شہر تورین میں ٹینس چیمپیئن شپ (اے ٹی پی) کے فائنلز کے دوران 2 تماشائیوں کی اچانک موت واقع ہو گئی۔روئٹرز کے مطابق اٹلی کے شہر تورین میں اینالپی ایرینا میں منعقدہ اے ٹی پی فائنلز کے دوسرے دن اچانک دو شائقین دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گئے، اٹالین ٹینس فیڈریشن اور اے ٹی پی نے منگل کے روز ان واقعات کی تصدیق کر دی ہے۔مرنے والے افراد کی عمریں 70 اور 78 سال تھیں، اور دونوں واقعات پیر کے روز مختلف اوقات میں پیش آئے۔صبح کے وقت فائنل ٹورنامنٹ کے انعقاد والے کمپلیکس کے قریب شائقین کے ایریا میں ایک 70 سالہ شخص کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی تو اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا لیکن پہنچنے کے چند لمحوں بعد ہی اس کا انتقال ہو گیا۔چند گھنٹوں بعد امریکی ٹینس کھلاڑی ٹیلر فریٹز اور اطالوی کھلاڑی لورنزو موسیتی کے درمیان مقابلہ جاری تھا۔ میچ کے دوران ایک 78 سالہ تماشائی اچانک گر کر بے ہوش ہو گیا۔ اسے ایمبولینس کے ذریعے اسپتال پہنچایا گیا مگر چند لمحوں بعد ہی اس کا انتقال ہو گیا۔رپورٹس کے مطابق دونوں افراد کی موت دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئی۔اٹالین ٹینس اینڈ پیڈل فیڈریشن (FITP) اور اے ٹی پی نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ تورین میں اے ٹی پی فائنلز کے دوران گزشتہ روز دو شائقین کے المناک انتقال پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہیں، موقع پر موجود طبی اور امدادی عملے نے فوراً ردِعمل ظاہر کیا اور ہر ممکن مدد فراہم کی۔ تاہم فوری طبی مداخلت اور اسپتال منتقل کیے جانے کے باوجود بدقسمتی سے دونوں افراد جاں بر نہ ہو سکے۔عالمی پروفیشنل ٹینس ایسوسی ایشن کے سیزن کے فائنل ٹورنامنٹ کا آغاز گزشتہ اتوار کو تورین میں ہوا تھا۔ اس میں سیزن کے اختتام پر بہترین 8 رینکنگ والے کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ یہ ٹورنامنٹ اس بات کا فیصلہ بھی کرے گا کہ مقامی اسٹار یانک سینر یا ہسپانوی کھلاڑی کارلوس الکاراز سال کے آخر میں عالمی رینکنگ میں سب سے اوپر ہوں گے۔دونوں کھلاڑیوں نے 2025 میں چار بڑے گرینڈ سلام ٹورنامنٹس میں سے ہر ایک میں دو ٹائٹلز جیتے ہیں اور تین میچوں میں فائنل کا سامنا کر چکے ہیں۔