’ووٹ کا حق چھیننے کے بعد، راشن کارڈ اور پھر عوام کی زمین اڈانی-امبانی کو دے دی جائے گی‘، راہل گاندھی کا عوام کو انتباہ

Wait 5 sec.

لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے منگل (19 اگست) کو ’ووٹ چوری‘ کی سازش سے عوام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’پہلا آپ کے ووٹ کا حق چھینا جائے گا، پھر راشن کارڈ اور اس کے بعد آپ کی زمینیں اڈانی-امبانی کو سونپ دی جائیں گی۔‘‘ تیسرے روز یاترا کے راستے پر ہزاروں کی تعداد میں کھڑے لوگوں نے جگہ بہ جگہ جھنڈے-بینرز اور نعروں کے ساتھ اپنے چہیتے لیڈر راہل گاندھی کا زوردار استقبال کیا۔ کھلی جیپ میں سوار راہل گاندھی نے لوگوں کا ہاتھ ہلا کر استقبال کیا۔راہل گاندھی منگل کو بہار میں ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کے دوران آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو اور انڈیا اتحاد کے سرکردہ رہنماؤں کے ساتھ نوادہ میں جسلۂ عام کو خطاب کیا۔ اس دوران ایک مقامی باشندہ سبودھ کمار نے بتایا کہ ان کا نام ووٹر لسٹ سے ہٹا دیا گیا ہے، جبکہ انہوں نے پارلیمانی انتخاب میں نہ صرف ووٹ ڈالا تھا بلکہ وہ پولنگ ایجنٹ بھی تھے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ ’’بہار میں سبودھ جیسے لاکھوں لوگ ہیں، جن کے نام ووٹر لسٹ سے کاٹ دیے گئے ہیں۔‘‘جلسۂ عام میں موجود جم غفیر سے براہ راست خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے بی جے پی اور الیکشن کمیشن پر لوگوں کے آئینی حقوق چھیننے کا الزام عائد کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’ووٹ دینا عوام کا حق ہے، حق رائے دہی کا حق آئین دیتا ہے۔ ایس آئی آر کے ذریعے یہ حق وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ اور الیکشن کمشنر ایک ساتھ مل کر چھین رہے ہیں۔‘‘ راہل گاندھی کے مطابق یہ ملک کچھ ارب پتیوں کا نہیں بلکہ تمام کسانوں، مزدوروں، چھوٹے کاروباریوں اور نوجوانوں کا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ غلط جی ایس ٹی اور نوٹ بندی جیسے فیصلے ارب پتیوں کے فائدے کے لیے ہوتے ہیں، جس کی وجہ سے عوام کو کافی نقصان ہوتا ہے۔عوام کے جوش سے بھرے نعروں کے درمیان راہل گاندھی نے مہاراشٹر، ہریانہ اور مدھیہ پردیش کے انتخابات میں بھی ووٹوں کی دھاندلی کا تذکرہ کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ لوک سبھا کے انتخاب کے بعد مہاراشٹر اسمبلی تک ریاست میں تقریباً ایک کروڑ نئے ووٹرس جادو سے پیدا ہو گئے، جس کے سبب بی جے پی نے جیت حاصل کی۔ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے الیکشن کمیشن سے ان ایک کروڑ نئے ووٹرس کے بارے میں معلومات مانگی گئیں، لیکن الیکشن کمیشن نے فراہم نہیں کیا۔ پولنگ بوتھ کی ویڈیو گرافی مانگی گئی تو قانون ہی بدل دیا گیا۔خطاب کے دوران راہل گاندھی نے عوام سے کہا کہ بہار میں ایس آئی آر کے نام پر بی جے پی اور الیکشن کمیشن ایک ساتھ مل کر ’ووٹ چوری‘ کی سازش کر رہی ہے۔ لیکن انڈیا اتحاد اور بہار کے لوگ انہیں کسی بھی صورت میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔