فرانس اور برطانیہ کے بعد ایک اور ملک نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر غور شروع کر دیا

Wait 5 sec.

(30 جولائی 2025): فرانس اور برطانیہ کے بعد اب ایک اور اہم ملک نے آزاد فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے پر غور شروع کر دیا۔ٹی آر ٹی کی رپورٹ کے مطابق کینیڈا کی حکومت غور کر رہی ہے کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا جائے اور اس کی شرائط کیا ہوں گی۔کینیڈین میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا کہ اس حوالے سے اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا لیکن توقع ہے کہ وزیر اعظم مارک کارنی مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے کیلیے کابینہ کا ایک اہم اجلاس طلب کریں گے۔مذکورہ میڈیا رپورٹس مارک کارنی کی جانب سے اپنے برطانوی ہم منصب کیر اسٹارر کے ساتھ غزہ کی صورتحال اور فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کے بارے میں بات چیت کے بعد سامنے آئیں۔پیر کے روز کینیڈا کے وزیر خارجہ انیتا آنند نے دو ریاستوں کے حل کیلے اوٹاوا کے عزم کی تصدیق کی تھی۔انیتا آنند نے کہا تھا کہ صورتحال کی پیچیدگی کے باوجود یہاں ہماری اجتماعی موجودگی ایک مذاکرات کے حل کیلیے مضبوط بین الاقوامی حمایت کی عکاسی کرتی ہے جو فلسطینیوں کے خودارادیت اور اسرائیلی سلامتی کو یقینی بناتا ہے۔گزشتہ ہفتے فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے کہا تھا کہ پیرس ستمبر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے دوران فلسطین کو تسلیم کرے گا۔حال ہی میں برطانوی وزیر اعظم کیر اسٹارر نے کہا کہ اگر اسرائیل غزہ میں اپنے قتل عام کو ختم کرنے کیلیے اقدامات کرنے میں ناکام رہتا ہے تو ان کی حکومت فلسطینی ریاست کو تسلیم کرے گی۔اسرائیل نے برطانیہ کے اس اقدام پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ یہ حماس کیلیے انعام ہوگا۔واضح رہے کہ فلسطین کو فی الحال اقوام متحدہ کے 193 ممبر ممالک میں سے 149 نے تسلیم کیا ہے جو ایک بڑی تعداد ہے۔