جنوبی ایشیائی ملک کا 40 ممالک کے لیے ویزا فیس ختم کرنے کا اعلان کردیا۔سری لنکا کے وزیر سیاحت وجیتھا ہیراتھ نے کہا کہ امریکا، برطانیہ، کینیڈا، جرمنی، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، اور آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک کے سیاح جلد ہی بغیر ویزا فیس کے جزیرے میں داخل ہو سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنا، دفتری رکاوٹوں کو کم کرنا، اور یہ پیغام دینا ہے کہ سری لنکا سیاحت کے لیے کھلا ہے۔ہیراتھ نے کہا کہ ویزا فیس ختم کرنے سے حکومت کو تقریباً 66 ملین ڈالر کا نقصان ہو سکتا ہے لیکن سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد سے معاشی فوائد اس نقصان کی تلافی کر دیں گے۔ویزا فیس کی چھوٹ مارچ 2023 میں شروع کیے گئے ایک چھوٹے پروگرام کی توسیع ہے جس کے تحت بھارت، چین، اور روس سمیت سات ممالک کے سیاحوں کو پہلے سے الیکٹرانک ٹریول اتھرائزیشن کے ذریعے 30 دن کے مفت ویزے دیے گئے۔ اب تک جنوبی ایشیا سے باہر کے زیادہ تر سیاحوں کو مختصر قیام کے ویزے کے لیے 50 سے 60 ڈالر ادا کرنے پڑتے تھے۔سری لنکا نے 2025 میں 30 لاکھ سیاحوں کو راغب کرنے اور سیاحت سے 5 ارب ڈالر کی آمدنی حاصل کرنے کا ایک بلند ہدف مقرر کیا ہے۔ یہ 2024 میں 2.05 ملین سیاحوں اور تقریباً 3 ارب ڈالر کی آمدنی سے ایک بڑا اضافہ ہے۔ہاسپیٹیلٹی کمپنی آئی لینڈ لائف، سری لنکا کے منیجنگ ڈائریکٹر امرت راجاراتھنم نے کہا، "یہ اقدام سری لنکا کو زیادہ قابل رسائی اور مسابقتی منزل بنانے کی طرف ایک مضبوط قدم ہے۔اگرچہ یہ 2025 کے 30 لاکھ سیاحوں کے ہدف کو مکمل طور پر پورا نہ کر سکے لیکن اس سے سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ عالمی سطح پر سیاحت پر مبنی ممالک کا موجودہ رجحان ویزا فری فارمیٹ کو اپنانا ہے۔