دہلی میں گاڑیوں کی بڑھتی چوری ایک سنگین مسئلہ، بی جے پی کی ٹرپل انجن حکومت بے بس نظر آ رہی: دیویندر یادو

Wait 5 sec.

نئی دہلی: دہلی میں گاڑیوں کی چوری کے بڑھتے واقعات پر آج دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے بی جے پی حکومت کو بے بس اور ناکارہ قرار دے دیا ہے۔ انھوں نے روز بروز بڑھتی ہوئی گاڑیوں کی چوری پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے، جس پر بی جے پی کی ٹرپل انجن حکومت کوئی سنجیدہ کارروائی نہیں کر رہی۔ انہوں نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ رواں سال اب تک 259 گاڑیاں چوری ہو چکی ہیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 52 فیصد زیادہ ہیں۔ یہ صورت حال انتہائی تشویش ناک ہے، کیونکہ چور اب رہائشی علاقوں، عوامی مقامات، پیٹرول پمپس، پارکوں اور یہاں تک کہ اسکولوں کے سامنے سے بھی گاڑیاں چوری کرنے لگے ہیں۔دیویندر یادو نے گاڑی چوری کے معاملوں میں پولیس کی بے حسی پر بھی سوال اٹھایا۔ انھوں نے کہا کہ پولیس اکثر ایف آئی آر درج کرنے سے بھی گریز کرتی ہے، اور اگر درج کرتی بھی ہے تو سائنسی طریقوں سے تفتیش نہ ہونے کی وجہ سے کیس بند کر دیتی ہے۔ پولیس کا رویہ یہ ہوتا ہے کہ ’متاثرہ فرد کو تو انشورنس کا دعویٰ مل جائے گا‘، اس لیے وہ چوری کے معاملات کو سنجیدگی سے نہیں لیتی۔دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ دہلی میں مہنگی گاڑیاں، ای-رکشہ، آٹو رکشہ اور دو پہیہ گاڑیوں کو چوری کرنے والے منظم گینگ سرگرم ہیں۔ دہلی پولیس کا اینٹی آٹو اسکواڈ بھی چوری کے بڑھتے واقعات کو روکنے میں ناکام نظر آ رہا ہے۔ خاص طور پر روہنی، پچھم وہار، اشوک وہار، ڈیفنس کالونی، گریٹر کیلاش، پریت وہار، مالویہ نگر اور جنک پوری جیسے علاقوں میں چوری کے واقعات زیادہ ہو رہے ہیں۔دیویندر یادو نے عام آدمی پارٹی کی سابقہ حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ موجودہ بی جے پی حکومت کے ساتھ وہ بھی ان جرائم کے لیے برابر کی ذمہ دار ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہلی کی 70 اسمبلی حلقوں میں نصب 2.64 لاکھ سی سی ٹی وی کیمروں میں سے 32 ہزار کام نہیں کر رہے، اور اگر گہرائی سے جانچ کی جائے تو یہ تعداد ایک لاکھ سے بھی تجاوز کر سکتی ہے۔ یہی خراب کیمرے گاڑی چوری کے مجرموں کو نہ پکڑنے کی ایک بڑی وجہ ہیں۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ دہلی پولیس اور حکومت فوری طور پر سنجیدہ اقدامات کرے تاکہ شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔