تل ابیب(28 جولائی 2025): اسرائیلی وزیر دفاع کاٹز نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو براہ راست شہید کرنے کی دھمکی دے دی۔اسرائیلی وزیر دفاع کاٹز نے اتوار کو رامون ایئر فورس بیس کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے اسرائیل کو دھمکیاں دیں تو اسرائیل کی فضائیہ ایک بار پھر تہران تک پہنچے گی، اور اس بار یہ حملہ شخصی طور پر خامنہ ای تک پہنچے گا۔اسرائیلی اخبار کو انٹرویو میں کاٹز کا کہنا تھا کہ خامنہ ای کو ایک واضح پیغام دینا چاہتا ہوں اگر ایران نے اسرائیل کو دوبارہ دھمکانے کی کوشش کی تو تہران پر دوبارہ اسرائیلی حملے ہوں گے اور اس بار نشانہ خامنہ ای خود ہوں گے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی دھمکی پر ایرانی حکام کی جانب سے فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان 12 روزہ تنازعہ 13 جون کو اس وقت شروع ہوا جب اسرائیل نے ایرانی فوجی اور جوہری مقامات پر فضائی حملے کیے جس کے بعد تہران نے بھی بھر پور جوابی کارروائی کی، یہ تنازعہ 24 جون کو نافذ ہونے والی امریکی سرپرستی میں جنگ بندی کے تحت رک گیا تھا۔