ملک میں بارش معمول سے 7 فیصد زیادہ ہوئی، ہندوستانی محکمہ موسمیات نے جاری کیا ڈاٹا

Wait 5 sec.

ملک کے مختلف حصوں میں اس وقت شدید بارش ہو رہی ہے۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اب تک ہوئی بارش کا ڈاٹا جاری کیا ہے جو حیرت انگیز ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق ملک میں رواں سال یکم جون سے مانسون کی شروعات کے بعد اب تک معمول سے 7 فیصد زائد بارش درج کی گئی ہے، لیکن بارش کی تقسیم مختلف ریاستوں میں غیر مساوی رہیں۔آئی ایم ڈی کے مطابق اب تک 447.8 ملی میٹر بارش درج کی گئی ہے، جبکہ عام اوسط 418.9 ملی میٹر ہے۔ حالانکہ علاقائی سطح پر بارش کے اعداد و شمار میں کافی تبدیلی دیکھی گئی ہے۔ آئی ایم ڈی کے اعداد و شمار کے مطابق راجستھان، لداخ، ناگا لینڈ، منی پور اور سکم میں میں معمول سے بہت زیادہ بارش درج کی گئی، جسے ’لارج ایکسیس رَین فال‘ کے زمرے میں رکھا گیا ہے۔ راجستھان میں اب تک 384.7 ملی میٹر بارش ہوئی ہے، جبکہ وہاں عام طور پر 200.4 ملی میٹر بارش ہوتی ہے، جو 92 فیصد زائد ہے۔ اسی طرح لداخ میں جہاں عام طور پر کم بارش ہوتی ہے وہاں 10.7 ملی میٹر کے مقابلے 30 ملی میٹر بارش ہوئی جو معمول سے 181 فیصد زیادہ ہے۔ ناگالینڈ اور منی پور میں بالترتیب 514.5 ملی میٹر اور 457.9 ملی میٹر بارش ہوئی جو کہ معمول کے قریب ہے۔ جبکہ سکم میں 598.4 ملی میٹر بارش درج کی گئی جو معمول سے 78 فیصد زائد ہے۔جن ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں زیادہ بارش (معمول سے 20 سے 59 فیصد زائد) ہوئی ہے۔ ان میں مدھیہ پردیش، گجرات، دادر ناگر حویلی، دمن دیو، جھارکھنڈ اور آسام شامل ہیں۔ مدھیہ پردیش میں اب تک 645.8 ملی میٹر بارش درج کی گئی، جو معمول سے 54 فیصد زائد ہے، عام طور پر یہاں 418.4 ملی میٹر بارش ہوتی ہے۔ گجرات میں 463.2 ملی میٹر بارش ہوئی ہے جو معمول سے 35 فیصد زائد ہے۔ جبکہ مرکز کے زیر انتظام علاقوں دادر ناگر حویلی اور دمن دیو میں 1466.1 ملی میٹر بارش ہوئی ہے، جو 27 فیصد سے زائد ہے۔اترپردیش، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش، پنجاب، دہلی، ہریانہ، مہاراشٹر، کرناٹک، کیرالہ، تمل ناڈو، اوڈیشہ، گوا، تریپورہ، میزورم، مغربی بنگال، جموں و کشمیر، چھتیس گڑھ، پڈوچیری، انڈمان و نیکوبار جزائر سمیت بیشتر ریاستوں میں معمول کے مطابق بارش ہوئی ہے، جو اوسط سے 19 فیصد کے درمیان ہے۔اگر معمول سے کم بارش والی ریاستوں کی بات کی جائے تو اروناچل پردیش، بہار اور لکش دیپ وغیرہ میں کم بارش (معمول سے 20 سے 59 فیصد کم) درج کی گئی ہے۔ اروناچل پردیش میں 942.2 ملی میٹر کے مقابلے میں 521.8 ملی میٹر بارش درج کی گئی، جو معمول سے 45 فیصد کم ہے۔ جبکہ بہار میں 474.2 ملی میٹر کے مقابلہ میں 272 ملی میٹر بارش ہوئی ہے جو معمول سے 43 فیصد کم ہے۔ قابل ذکر ہے کہ مانسون ہندوستان کے زرعی شعبے کے لیے کافی اہم ہے۔ تقریباً 42 فیصد آبادی کی روزی روٹی کی بنیاد ہے اور مجموعی گھریلو پیداوار میں 18.2 فیصد کا حصہ ڈالتا ہے۔