ہندوستانی ٹیم نے کافی دنوں سے ٹی-20 میچ نہیں کھیلا ہے، لیکن ہندوستان کے طوفانی بلے باز ابھشیک شرما دنیا کے نمبر 1 ٹی-20 بلے باز بن گئے ہیں۔ آئی سی سی کی تازہ رینکنگ میں ابھشیک نے آسٹریلیا کے سلامی بلے باز ٹریوس ہیڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ ٹریوس ہیڈ طویل مدت سے اس فارمیٹ میں نمبر 1 رینکنگ حاصل کیے ہوئے تھے، لیکن ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی-20 سیریز میں ان کی کارکردگی کچھ خاص نہیں۔ اس کا نقصان انھیں اٹھانا پڑا اور ابھشیک شرما سے وہ پیچھے کھسک گئے۔ ابھشیک کے اس وقت 829 ریٹنگ پوائنٹس ہیں اور ٹریوس ہیڈ 814 ریٹنگ پوائنٹ کے ساتھ دوسرے مقام پر ہیں۔THE NEW NUMBER ONEAbhishek Sharma has become the No.1 T20I batter in the latest ICC rankings.His SRH opening partner Travis Head loses his top spot after a year. pic.twitter.com/9FA4piiZEb— Cricbuzz (@cricbuzz) July 30, 2025دیگر بلے بازوں کی بات کریں تو ہندوستان کے تلک ورما تیسرے نمبر پر اور ہندوستانی کپتان سوریہ کمار یادو چھٹے مقام پر قابض ہیں۔ آسٹریلیا کے جوش انگلس نے 6 بلے بازوں کو پیچھے چھوڑ کر ٹاپ-10 میں انٹری کر لی ہے۔ ہندوستانی سلامی بلے باز یشسوی جیسوال ٹاپ-10 کی لسٹ سے باہر ہو کر گیارہویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ ابھشیک شرما نے ٹی-20 انٹرنیشنل کرکٹ میں اب تک بہترین کارکردگی پیش کی ہے۔ انھوں نے 16 اننگز میں 33.43 کی اوسط سے 535 رن بنائے ہیں۔ بڑی بات یہ ہے کہ ان کا اسٹرائیک ریٹ تقریباً 200 کا ہے۔ ابھشیک شرما ٹی-20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 193.84 کے اسٹرائیک ریٹ سے رن بنانے والے بلے باز ہیں۔ انھوں نے اس فارمیٹ میں 2 سنچری اور 2 نصف سنچری بھی بنائی ہیں۔ وہ اب تک 41 چھکے اور 46 چوکے بھی لگا چکے ہیں۔ابھشیک شرما نے گزشتہ سال 6 جولائی کو زمبابوے کے خلاف ڈیبیو کیا تھا۔ پہلے میچ میں وہ کوئی رن نہیں بنا پائے تھے، لیکن اگلے میچ میں انھوں نے سنچری لگا کر ثابت کیا تھا کہ وہ اس فارمیٹ میں بہت آگے جانے والے ہیں۔ رواں سال فروری میں انگلینڈ کے خلاف بھی انھوں نے سنچری لگائی تھی۔ انگلینڈ کے خلاف ابھشیک نے 54 گیندوں میں 135 رن بنا ڈالے تھے۔ ابھشیک اسی طوفانی بلے بازی کے دَم پر آج ٹی-20 رینکنگ میں عرش پر پہنچ چکے ہیں۔