ایشیا کپ 2025: ہندوستان-پاکستان میچ اب نہیں ہو سکتا منسوخ، لیکن کیوں؟

Wait 5 sec.

ایشیا کپ 2025 کے شیڈول کے اعلان کے بعد سے ہی ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 14 ستمبر کو کھیلے جانے والے مقابلہ کے متعلق ایک نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے لے کر پارلیمنٹ تک بحث چھڑ چکی ہے کہ جب پاکستان کے ساتھ کسی قسم کا کوئی رشتہ نہیں تو پھر میچ کیوں؟ دراصل ایشیا کپ کے لیے جاری شیڈول کے مطابق ہندوستان-پاکستان کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے، اس لیے ان دونوں کے درمیان میچ کھیلا جانا لازمی ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان حالات پہلے سے ہی بہتر نہیں تھے، لیکن قبل میں آئی سی سی یا اے سی سی ٹورنامنٹ میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف کھیلتی رہی تھیں۔ پہلگام دہشت گردانہ حملہ کے بعد ہندوستان نے پاکستان سے تمام طرح کے تعلقات ختم کر لیے ہیں، اور نتیجہ یہ ہے کہ اب دونوں ہی ممالک ایک دوسرے کے ملک میں بھی کھیلنا پسند نہیں کر رہیں۔ایسے میں اب یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ ہندوستان-پاکستان کا میچ منسوخ ہو سکتا ہے یا نہیں؟ اگر منسوخ نہیں ہو سکتا تو کیوں؟ اس سلسلے میں این ڈی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے ایک خبر شائع کی ہے۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ ’’اے سی سی یعنی ایشین کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ یہ 2 ٹیموں کے درمیان کی کوئی سیریز نہیں ہے بلکہ ملٹی نیشنل ٹورنامنٹ ہے۔ اگر ہندوستان اس میچ سے پیچھے ہٹتا ہے تو پاکستان کو واک اوور مل جائے گا جو کہ ہندوستان کے حق میں بہتر نہیں ہوگا۔ یہ میچ اس لیے بھی منسوخ نہیں ہو سکتا کہ ایشیا کپ کی میزبانی آئی سی سی نہیں بلکہ ایشین کرکٹ کونسل کرتا ہے۔‘‘ہندوستان-پاکستان میچ منسوخ نہ ہونے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ موجودہ وقت میں اے سی سی کے چیئرمین عہدہ پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف محسن نقوی فائز ہیں۔ ساتھ ہی ہندوستان-پاکستان میچ منسوخ ہونے سے براڈکاسٹر کو کافی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کے براڈکاسٹ کا حق سونی نیٹورک کو ملے ہیں، جس کی قیمت 8 سال کے لیے 17 کروڑ امریکی ڈالر یعنی تقریباً 1475 کروڑ روپے ہے۔ یہی نہیں، ہندوستان-پاکستان میچ کی منسوخی سے 24 اے سی سی ممبران کو بھی کافی نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں ورلڈ چمپئن شپ آف لیجینڈس کے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے مقابلے کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔ انڈین چمپئنز کے کھلاڑیوں نے پاکستان کے خلاف میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا، جس کے بعد وہ مقابلہ نہیں  ہوا تھا۔ اس کی وجہ سے منتظمین کو کافی نقصان اٹھانا پڑا تھا۔واضح رہے کہ ایشیا کپ 2025 کی شروعات 9 ستمبر سے ہوگی اور ٹورنامنٹ کا فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ ہندوستانی ٹیم گروپ اے میں پاکستان، اومان اور یو اے ای کے ساتھ ہے۔ ہندوستانی ٹیم اپنا پہلا میچ 10 ستمبر کو یو اے ای کے خلاف کھیلے گی، جس کے بعد انہیں پاکستان کے خلاف 14 ستمبر کو میچ کھیلنا ہے۔ ہندوستانی ٹیم اپنا آخری لیگ میچ اومان کے خلاف 19 ستمبر کو کھیلے گی۔