ہندوستان  نے دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنالئے، برتری صرف 137 رہ گئی

Wait 5 sec.

مانچسٹر ٹیسٹ میں چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک ہندوستان نے دوسری اننگز میں دو وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنا لیے ہیں۔ ٹیم انڈیا اب بھی 137 رنز سے پیچھے ہے۔ دوسرے دن کے اسٹمپ تک کے ایل راہل 87 اور کپتان شبھمن گل 78 رنز کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔ چوتھے روز انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے اپنے ٹیسٹ کیریئر کی 14ویں سنچری بنا کر تاریخ رقم کی۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 669 رنز کا بڑا اسکور بنایا تھا اور اسے 311 رنز کی برتری حاصل تھی۔چوتھے دن انگلینڈ نے 544/7 کے اسکور کے ساتھ اپنی اننگز کو آگے بڑھایا۔ اس وقت تک انگلینڈ کی مجموعی برتری 186 رنز تک پہنچ چکی تھی۔ دن کا کھیل شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد جسپریت بمراہ نے لیام ڈاسن کو 26 رنز پر کلین بولڈ کردیا لیکن کپتان اسٹوکس مضبوط دیوار کی طرح کریز پر کھڑے رہے۔ نمبر 10 بلے باز برائیڈن کارس ہندوستانی ٹیم کے لیے درد سر بن گئے جنہوں نے 47 رنز بنائے اور اسٹوکس کے ساتھ 95 رنز کی شراکت داری کی۔ اسٹوکس کی اننگز 141 کے اسکور پر ختم ہوئی اور انگلینڈ نے 669 رنز بنائے۔اس اننگز کے دوران بین اسٹوکس نے کئی ریکارڈ بھی توڑے۔ اسٹوکس اب دنیا کے پانچویں اور انگلینڈ کے پہلے کپتان بن گئے ہیں جنہوں نے بطور کپتان ایک ہی ٹیسٹ میچ میں سنچری بنائی اور 5 وکٹیں لیں۔ اسٹوکس نے اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 7000 رنز کا ہندسہ بھی عبور کر لیا ہے۔انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 311 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔ جواب میں یشسوی جیسوال بغیر کھاتہ کھولے پہلے ہی اوور میں آؤٹ ہوگئے۔ جیسوال اننگز کے پہلے اوور کی چوتھی گیند پر آؤٹ ہوئے اور اگلی ہی گیند پر سائی سدرشن گولڈن ڈک کا شکار ہوگئے۔ ہندستان نے صفر پر دو اہم وکٹیں گنوائیں۔کپتان شبھمن گل نمبر 4 پر بیٹنگ کرتے ہیں لیکن ابتدائی دو جھٹکوں کی وجہ سے انہیں پہلے اوور میں ہی بیٹنگ کے لیے آنا پڑا۔ انہوں نے کے ایل راہل کے ساتھ مل کر ہندوستانی اننگز کو سنبھالا اور چوتھے دن اسٹمپ تک ان کی شراکت 174 رنز تک پہنچ گئی۔ اگر ٹیم انڈیا بقیہ 137 رنز بنانے میں ناکام رہتی ہے تو اسے اننگز کی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا۔