(27 جولائی 2025): بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے شہر رانچی میں نامعلوم افراد نے شادی سے چند روز قبل لڑکی کی آنکھوں میں پیٹرول ڈال دیا۔انڈین میڈیا کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ چار نامعلوم افراد نے لڑکی پر پیٹرول سے حملہ کیا، یہ واقعہ دوپہر ایک بجے کے قریب کنکے پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع ٹینڈرٹولا گاؤں میں متاثرہ کے گھر پر پیش آیا۔پولیس حکام نے بتایا کہ چار نامعلوم افراد گھر میں داخل ہوئے اور لڑکی کے چہرے پر پیٹرول چھڑک دیا، اہل خانہ متاثرہ کو فوری طور پر کشیپ میموریل اسپتال لے گئے۔ابتدائی رپورٹس میں تیزاب حملے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا لیکن طبی معائنے میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ حملے میں پیٹرول استعمال کیا گیا۔ ڈاکٹروں نے بتایا کہ حملے میں لڑکی کی آنکھیں متاثر ہوئی ہیں، نقصان بیرونی تہہ تک محدود ہے۔پولیس حکام کے مطابق پیٹرول حملے میں زیادہ نقصان نہیں ہوا تاہم ڈاکٹرز نگرانی کر رہے ہیں، ملزمان کو جلد گرفتار کر لیں گے۔دریں اثنا، جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے رانچی پولیس کو معاملے کی تحقیقات کرنے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ حکام سے متاثرہ کو مناسب طبی دیکھ بھال فراہم کرنے اور پیشرفت سے آگاہ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔وزیر صحت عرفان انصاری نے ایکس پر ایک پوسٹ میں تصدیق کی کہ انہوں نے ضلعی انتظامیہ سے بات کی ہے اور لڑکی کو ڈسچارج کر دیا گیا ہے اور وہ مستحکم حالت میں ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ تحقیقات جاری ہیں اور تمام ممکنہ زاویوں بشمول ذاتی دشمنی کا جائزہ لیا جا رہا ہے کیونکہ لڑکی کی چند روز میں شادی ہونے والی تھی۔