واشنگٹن (27 جولائی 2025): امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹ کوف غزہ جنگ بندی معاہدے کیلیے مذاکرات پر کئی ہفتوں سے دن رات کام کر رہے ہیں۔قطری نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے فاکس نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ اسٹیو وٹ کوف نے غزہ جنگ بندی معاہدے کیلیے بہت کام کیا ہے اور وہ اس تک پہنچنے کے قریب ہے۔مارکو روبیو نے فاکس نیوز کو بتایا کہ ہم پُرامید ہیں کہ اب کسی بھی دن غزہ جنگ بندی معاہدہ ہو جائے گا جس میں کم از کم آدھے یرغمالیوں کو رہا کر دیا جائے گا، معاہدے کی 60 روزہ مدت کے دوران باقی یرغمالیوں کی رہائی ممکن بنائی جائے گی۔یہ بھی پڑھیں: اسرائیل نے حماس کیساتھ جنگ بندی معاہدے کیلیے متبادل آپشنز پر غور شروع کر دیاغزہ میں اب تک موجود یرغمالیوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اچھی خبر یہ ہے کہ اب ہر امریکی یرغمالی رہا ہو چکا ہے لیکن ہمیں دیگر کی بھی فکر ہے۔مارکو روبیو نے مزید کہا کہ غزہ میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کا ایک بہت آسان حل ہے کہ تمام یرغمالیوں کو رہا کرو اور ہتھیار ڈالو تو حماس کیلیے جنگ ختم ہو جائے گی۔واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ کا مذکورہ تبصرہ اسٹیو وٹ کوف کے حالیہ بیان کے بعد سامنے آیا جس میں کہا گیا کہ امریکا مذاکرات میں اپنی شمولیت کو کم کر رہا ہے اور دعویٰ کیا کہ حماس نے جنگ بندی تک پہنچنے کی خواہش کا فقدان ظاہر کیا ہے۔