واشنگٹن(1 اگست 2025): امریکا نے پاکستانی برآمدات پر 19 فیصد ٹیرف عائد کردیا ہے، ٹیرف سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیئے۔تفصیلات کے مطابق امریکا کی پاکستان سے قربتیں بڑھنے لگیں، صدر ٹرمپ کے عائد کردہ ٹیرف کے بعد پاکستانی ٹیکسٹائل صنعت کے فروغ کے امکانات روشن ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے پاکستانی برامدات پر 19 فیصد ٹیرف عائد کر دیا، جبکہ اس کے مقابلے میں بھارت پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا گیا ہے۔امریکی صدرنے مختلف ممالک پر ٹیرف سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیئے، جس میں تمام ممالک پر ٹیرف کی تفصیلات واضح کی گئی ہیں۔آرڈر کے مطابق کینیڈا پر 25 فیصد سے بڑھا کر 35 فیصد ٹیرف کردیا گیا، جبکہ بھارت پر 25 فیصد، بنگلہ دیش پر 20، ترکیہ، افغانستان اور اسرائیل پر 15 فیصد، جنوبی افریقہ پر 30، ویتنام پر 20، وینزویلا پر 15 فیصد ٹیرف عائد کر دیا گیا۔وائٹ ہاوس ذرائع کے مطابق امریکا کی جانب سے سوئٹرز لینڈ پر 39، عراق پر35، جاپان پر 15 فیصد، لیبیا پر 30 فیصد، میانمار پر 40 فیصد، برطانیہ پر 10 فیصد شام پر 41 فیصد، میانمار پر40 ٹیرف عائد کیا گیا ہے، نئے ٹیرف کا اطلاق آج یعنی یکم اگست سے ہوگا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیرف سے متعلق ایگزیکٹو آرڈر جاری کردیا ہے اس موقعے پر انہوں نے کہا کہ تجارتی مذاکرات، باہمی مشاورت و سفارشات اور معلومات کی بنیاد پر ٹیرف لگایا ہے۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ تجارتی خسارے میں غیر معمولی اضافہ امریکی سلامتی کیلئے خطرہ بنتا جارہا تھا، اقتدار سنبھالتے ہی تجارتی خسارے میں کمی کیلئے ہنگامی اقدامات کئے۔امریکی صدر کا کہنا تھا کہ کچھ ممالک نے کامیاب تجارتی مذاکرات کر کے متوازن ٹیرف پر اتفاق کیا، تجارتی مذاکرت میں ناکام ممالک پر اضافی ٹیرف عائد کیا گیا۔