اسکاٹ لینڈ(28 جولائی 2025): مریکا اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت یورپی یونین سے امریکا برآمد کی جانے والی تمام اشیا پر 15 فیصد ٹیرف عائد ہو گا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکا اور یورپی یونین کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسکاٹ لینڈ میں سربراہ یورپی کمیشن سے ملاقات کے بعد تجارتی معاہدے کا اعلان کیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کرتے ہوئے کہا ہم ایک معاہدے پر پہنچ چکے ہیں جو سب کیلئے اچھا ہے، یہ یورپی یونین کیساتھ تجارتی معاہدہ اب تک کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔امریکی صدر نے بتایا کہ امریکا یورپی یونین پر 15 فیصد ٹیرف عائد کرے گا، یورپی یونین امریکی فوجی ساز و سامان خریدے گا اور توانائی کے شعبے میں 750 ارب ڈالر کی خریداری کرے گا۔اُنہوں نے کہا یورپی یونین امریکا میں 600 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری بھی کرے گا، اس موقع پر سربراہ یورپی کمیشن نے کہا امریکا یورپی یونین تجارتی معاہدہ استحکام لائے گا۔