اسپین میں سالانہ ایئرشو کے دوران جنگی لڑاکا طیارہ ای ایف 18 کے سامنے پرندوں کا جھنڈ آگیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شمالی اسپین کے علاقے میں سالانہ گیجن ایئر فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا جس میں اسپینش ایئرفورس کے جنگی لڑاکا طیارے ای ایف 18 نے بھی حصہ لیا۔جنگی لڑاکا طیارہ ساحل پر زمین کی سطح کے بہت قریب آکر اپنے کرتب دکھا رہا تھا کہ اچانک پرندوں کے جھنڈ سے ٹکرانے سے بال بال بچ گیا۔ایئر شو دیکھنے کے لیے عوام کی بڑی تعداد موجود تھی جو طیارے کے سامنے پرندوں کے جھنڈ کو دیکھ کر دنگ رہ گئی۔کئی شہریوں نے اس منظر کو کیمرے میں محفوظ کرکے سوشل میڈیا پر شیئر کیا اور ویڈیو اب وائرل ہورہی ہے۔پائلٹ نے کمال مہارت سے جہاز کو حادثے سے بچالیا اور شہریوں کی جان کی حفاظت کو یقینی بنایا۔