اتر پردیش: اُردو ٹیچر کی 120 آسامیاں، بی اے اور بی ایڈ فارغ نوجوان دے سکتے ہیں درخواست

Wait 5 sec.

نئی دہلی: تعلیم کے شعبہ میں ملازمت کے متلاشیوں کیلئے اتر پردیش حکومت نے ٹیچر بننے کا سنہرا موقع دیا ہے۔ ایسے نوجوان جنہوں نے بی اے اور بی ایڈ کی تعلیم مکمل کر لی ہے اور اب وہ ملازمت کرنا چا ہتے ہیں، ایسے نوجوان اپنے اپنے مضمون کے مطابق درخواست دے سکتے ہیں۔ اتر پردیش میں یہ آسامیاں 7 برس بعد نکالی گئیں ہیں۔ اتر پردیش پبلک سروس کمیشن (UPPSC) نے ایل ٹی گریڈ ٹیچر کی 7466 آسامیوں پر بھرتی کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔ یہ بھرتی 15 مختلف مضامین کے لیے کی جا رہی ہے۔نوٹفیکیشن کے مطابق دلچسپی رکھنے والے امیدوار 28 جولائی سے سرکاری ویب سائٹ https://uppsc.up.nic.in پر جا کر   28.08.2025 تک درخواست دے سکتے ہیں۔ تاہم جمع کرائی گئی آن لائن درخواست اور فیس میں تصحیح/ ترمیم کی آخری تاریخ: 04.09.2025  ہے۔ ایل ٹی گریڈ ٹیچر کی 7466 آسامیوں میں اُردو کی  120 آسامیاں ہیں۔ اُردو آسامیوں کو پُر کرنے کیلئے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی اور اُردو زبان کی ترقی میں کوشاں شخصیات نے زیادہ سے زیادہ امیدواروں سے درخواست دینے کی اپیل کی ہے۔اُردو آسامیوں کے تعلق سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ذاکر حسین اسکول کے سابق پرنسپل اور ماہر تعلیم ڈاکٹر معروف خان نے کہا کہ اکثر و بیشتر دیکھنے میں آتا ہے کہ جن نوجوانوں نے تعلیم مکمل کر لی ہے وہ ملازمت تو کرنا چاہتے ہیں لیکن امتحان کی تیاری میں اپنا 100 فیصد نہیں دے پاتے۔ اسی لئے اُردو کی زیادہ تر آسامیاں خالی رہ جاتی ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں سے پیل کرتے ہوئے کہا کہ ریاست اتر پردیش میں نکالی گئیں 120 اُردو کی آسامیوں کیلئے جلد از جلد درخواست دیں اور اس دوران اپنی سبھی معلومات دھیان سے بھریں تاکہ غلطی کے سبب کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ امیدوار اپنے نصاب کے تحت تیاری کریں۔نوجوانوں کو سرکاری ملازمت کیلئے تیار اور بیدار کرنے والے ماسٹر شمس الدین نے نمائندہ سے بات چیت میں کہا کہ اس ملازمت میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں ایپلائی کرنا چاہئے اور آخری تاریخ کا بالکل بھی انتظار نہ کریں، کیونکہ بعض مرتبہ سائٹ بزی رہتی ہے اور اہل امیدوار ایپلائی نہیں کر پاتے، پھر انھیں مایوسی ہوتی ہے۔ تاہم زندگی کا زیادہ وقت نہ ضائع کرتے ہوئے محنت و لگن سے امتحان کی تیاری کریں، اس طرح آپ سرکاری نوکری حاصل کر سکتے ہیں۔اُردو ڈیولیپمنٹ آرگنائزیشن (یو ڈی او) کے قومی صدر اور اُردو زبان کے محسن ڈاکٹر سید احمد خاں نے کہا کہ آج ہم سبھی کیلئے خوشی کی بات ہے کہ اتر پردیش پبلک سروس کمیشن (UPPSC) نے ایل ٹی گریڈ ٹیچر کی بھرتی میں اُردو کے لیے 120 درخواستیں طلب کی ہیں۔ جن نوجوانوں نے بی اے کے بعد بی ایڈ مکمل کر لیا ہے، ان نوجوانوں کو درخواست ضرور دینی چاہئے، کیونکہ ان کے پاس ٹیچر بننے کا بہترین موقع ہے۔ ایسا موقع لمبے انتظار کے بعد آتا ہے۔ڈاکٹر سید احمد خان نے خاص طور پر اُردو ٹیچر کے خواہش مند نوجوانوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اتر پردیش پبلک سروس کمیشن (UPPSC) نے اپنی ذمہ داری نبھائی ہے۔ اب اُردو کے امیدواروں کو چاہئے کہ وہ خدا کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنی اپنی تیاری تیز کر دیں۔پرنسپل محمد شکیل احمد کا کہنا ہے کہ دہلی کے نوجوان بھی اس ملازمت کیلئے بڑی تعداد میں فارم بھریں، وہ یہ نہ سمجھیں کہ ہم وہاں کیسے کام کریں گے۔ اب دہلی کے نوجوان بہار، راجستھان اور دوسری ریاستوں میں درخواست دے رہے ہیں اور وہاں کے امتحان بھی پاس کر کے نوکری حاصل کر رہے ہیں۔ اس لئے امیدواروں کو چاہئے کہ وہ سبھی شک و شبہات دور کر کے مثبت فکر کے ساتھ کامیابی کی جانب پہلا قدم بڑھائیں باقی کی راہیں ضرور آسان ہوں گی۔