(29 جولائی 2025): انڈونیشیا نے اپنی فوجی طاقت کو مضبوط کرتے ہوئے ترکیہ سے 48 کان (KAAN) لڑاکا طیارے خریدنے کا معاہدہ کر لیا۔خبر رساں ایجنسی روئٹرز کی رپورٹ کے مطابق انڈونیشیا اور ترکیہ کے درمیان لڑاکا طیارے خریدنے کے معاہدے پر دستخط ہوگئے۔ انڈونیشیا کی وزارت دفاع نے بتایا کہ ملک کی جانب سے پرانے فوجی ہارڈ ویئر کو جدید بنانے کیلیے تازہ خریداری کی ہے۔واضح رہے کہ اپنی فضائیہ کو مضبوط بنانے کیلیے انڈونیشیا نے 2022 میں 8.1 بلین ڈالر مالیت کے 42 فرانسیسی رافیل طیاروں کا آرڈر بھی دیا تھا۔ایشیائی ملک چین سے جے 10 لڑاکا طیارے خریدنے پر بھی غور کر رہا ہے جبکہ امریکی ساختہ F-15EX طیاروں کی خریداری کیلیے اس کی بات چیت جاری ہے۔وزارت دفاع کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ انڈونیشیا اور ترکیہ نے گزشتہ ہفتے استنبول میں بین الاقوامی دفاعی صنعت کے میلے کے موقع پر عمل درآمد کے معاہدے پر دستخط کیے۔واضح رہے کہ کان ترکیہ کا مقامی طور پر تیار کردہ پہلا لڑاکا طیارہ ہے جس کی پہلی پرواز گزشتہ سال فروری میں مکمل کی تھی لیکن 2028 تک سیریل پروڈکشن شروع ہونے کی توقع نہیں ہے۔ترکی کی وزارت دفاع نے لڑاکا طیارے کو ففتھ جنریشن فائٹر جیٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں دو جنرل الیکٹرک F-110 انجن ہوں گے جو فورتھ جنریشن کے لاک ہیڈ مارٹن F-16 جیٹ طیاروں میں بھی استعمال ہوتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ وزیر دفاع سجفری سجم الدین نے معاہدے پر دستخط ہونے کا مشاہدہ کیا، معاہدے سے دونوں ممالک کے مشترکہ ٹیکنالوجی کی ترقی کو مضبوط بنانے اور انڈونیشیا کی دفاعی صنعت کی صلاحیت کو بڑھانے کے عزم کی تصدیق ہوتی ہے۔