فرینکفرٹ : برلن میں گزشتہ روز ہونے والی خوفناک آتشزدگی کے بعد بجلی کی شدید بندش سے ہزاروں گھر اور کاروبار بجلی سے محروم ہوگئے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آتشزدگی کے سبب اب تک 45 ہزار گھروں کو بجلی سے محروم ہونے کا خدشہ ہے اور یہ سلسلہ 8 جنوری تک جاری رہے گا۔آگ لگنے کا واقعہ جنوب مغربی برلن میں ٹیلو کینال پر واقع ایک پل پر علی الصبح پیش آیا۔ مقامی پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔پاور اسٹیشن کے قریب پیش آنے والے اس واقعے میں متعدد ہائی وولٹیج کیبلز کو نقصان پہنچا۔ اس حوالے سے کمپنی کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ جمعرات کی دوپہر تک تمام صارفین کی بجلی مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی، تاہم اس کے لیے نئی کیبلز کی تنصیب ضروری ہوگی۔ترجمان کے مطابق بجلی کی عدم فراہمی سے تقریباً 2ہزار سے زائد تجارتی ادارے بھی متاثر ہوئے ہیں، جبکہ موبائل فون سروسز اور لینڈ لائنز پر بھی اثر پڑسکتا ہے۔