وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس میں 7 دھماکوں کے بعد شہر تاریکی میں ڈوب گیا

Wait 5 sec.

کاراکاس (03 جنوری 2026): جنوبی امریکی ملک وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس میں 7 زوردار دھماکے ہوئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان وینزویلا دارالحکومت کاراکاس میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں اور دھوئیں کے بادل اٹھ رہے ہیں۔اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکے کاراکاس کے جنوبی علاقے میں فوجی اڈے کے قریب ہوئے، دھماکوں کے بعد بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی اور آدھا شہر تاریکی میں ڈوب گیا۔الجزیرہ کے مطابق دھماکے کاراکاس کے مرکزی فوجی اڈے فورٹونا ​​کے قریب یا اس کے آس پاس ہوئے، یہ ایک اہم فوجی اڈہ ہے، دھماکوں کی آوازیں پورے علاقے میں سنی گئیں جس کے بعد بلیک آؤٹ ہو گیا۔خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے بتایا کہ دارالحکومت میں کم از کم 7 دھماکوں اور طیاروں کی نچلی پروازوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ روئٹرز کو بھی عینی شاہدین نے بتایا کہ ہفتے کی علی الصبح کاراکاس میں طیاروں کی آوازیں اور زور دار دھماکے سنائی دیے، جب کہ دھوئیں کا ایک بادل بھی دیکھا گیا۔واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد بار وینزویلا میں زمینی کارروائیوں کا بیان دے چکے ہیں، انھوں نے اپنے مقاصد کا عوامی طور پر تفصیل سے اظہار نہیں کیا، تاہم روئٹرز کے مطابق انھوں نے نجی طور پر صدر نکولس مادورو پر دباؤ ڈالا تھا کہ وہ ملک چھوڑ دیں۔ پیر کے روز ٹرمپ نے کہا کہ مادورو کے لیے اقتدار چھوڑ دینا ’’دانش مندی‘‘ ہوگی۔ دوسری طرف پینٹاگون نے تبصرے کی درخواست پر فوری طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔خیال رہے کہ امریکا نے اس خطے میں بڑی فوجی نقل و حرکت کی ہے، جس میں ایک طیارہ بردار بحری جہاز، جنگی بحری جہاز اور جدید لڑاکا طیارے شامل ہیں جو بحیرہ کیریبین میں تعینات ہیں۔