وینزویلا کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز کو اقتدار سنبھالنے کا حکم

Wait 5 sec.

کاراکاس (04 جنوری 2026): وینزویلا کی عدالت عظمیٰ نے نائب صدر ڈیلسی روڈریگز کو عارضی طور پر اقتدار سنبھالنے کا حکم دے دیا ہے۔امریکا کی جانب سے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو اغوا کیے جانے کے بعد وینزویلا کی عدالت عظمیٰ نے نائب صدر ڈیلسی روڈریگز کو عارضی طور پر عہدہ سنبھالنے کا حکم دے دیا۔وینزویلا کی سپریم کورٹ نے رات گئے حکم نامہ جاری کیا کہ نائب صدر ڈیلسی روڈریگز قائم مقام کی حیثیت سے صدارتی دفتر کے تمام تر فرائض اور اختیارات سنبھالیں اور ان کا استعمال کریں۔عدالت عظمیٰ کے ججوں نے مادورو کو مستقل طور پر عہدے سے غیر حاضر قرار دینے سے گریز کیا، کیوں کہ اس فیصلے کی صورت میں 30 دن کے اندر انتخابات کروانا ضروری ہوتا ہے۔وینزویلا کے گرفتار صدر نکولس مادورو نیویارک کی بروکلین جیل منتقلادھر وینزویلا کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نکولس مادورو ہی وینزویلا کے صدر ہیں، صدر مادورو کو اغوا کیا گیا ہے، وینزویلا کسی بھی ملک کی کالونی نہیں بنے گا۔ڈیلسی نے کہا کہ ملک کے دفاع کے لیے عوام صبر اور اتحاد سے کام لیں، امریکی فوج کی کارروائی کے بعد ہم وینزویلا کے دفاع اور اپنے قدرتی وسائل کے تحفظ کے لیے تیار ہیں۔واضح رہے کہ گرفتار صدر نکولس مادورو کو نیویارک کی بروکلین جیل منتقل کر دیا گیا ہے، ان کو طیارے میں نیویارک کے امریکی فوجی اڈے پر لایا گیا تھا، جہاں طبی معائنے کے بعد انھیں سخت سیکیورٹی میں فوجی اڈے سے جیل منتقل کیا گیا، آج انھیں نیویارک کی عدالت میں پیش کیا جائے گا، گزشتہ رات امریکی فوجی آپریشن میں مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کیا گیا تھا۔امریکی صدر ٹرمپ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اب امریکا وینزویلا کے معاملات چلائے گا، اقتدار کی منتقلی تک امریکی کنٹرول جاری رہے گا، امریکا نے وینزویلا کے عوام کو آمر سے آزادی دلائی۔