امریکا کی نکولس مادورو کے خلاف کارروائی، چین کا اہم بیان سامنے آگیا

Wait 5 sec.

بیجنگ(4 جنوری 2026): چین نے امریکا سے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مادورو اور ان کی اہلیہ کی گرفتاری بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہے اور اس اقدام پر چین شدید تشویش میں ہے۔چین کا کہنا ہے کہ امریکا نے بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں اور یوین چارٹر کی خلاف ورزی کی ہے، امریکا وینز ویلا میں حکومت کا تختہ الٹنے کی کوششیں بند کر کے مذاکرات سے مسئلہ حل کرے۔ دوسری جانب اقوامِ متحدہ نے امریکا کی وینزویلا میں کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے، سیکریٹری جنرل انتونیو گوئتریس کے ترجمان نے کہا ہے اس عمل کے خطے پر تشویشناک اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، وینزویلا کی صورتحال سے قطع نظر یہ پیش رفت ایک خطرناک مثال قائم کرسکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق کولمبیا کی درخواست پر سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوگا، اس کے علاوہ روس، فرانس، ایران، کیوبا اور کولمبیا نے وینزویلا میں امریکی حملے کی مذمت کی ہے۔روسی وزارت خارجہ نے کہا وینزویلا پر امریکی حملے پر شدید تشویش ہے، ایران کی وزارت خارجہ نے کہا امریکی فوجی حملے وینزویلا کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ کیوبا کے صدر کا کہنا ہے واشنگٹن نے مجرمانہ حملہ کیا، بین الاقوامی برادری فوری نوٹس لے۔