ایم آر آئی مشین نے قریب کھڑے شخص کو کھینچ لیا، دوران علاج ہلاک

Wait 5 sec.

نیویارک : امریکا کے ایک اسپتال میں افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں ایک 61 سالہ شخص ایم آر آئی مشین میں کھنچ جانے کے باعث  جان کی بازی ہار گیا۔لانگ آئی لینڈ میں واقع نساؤ کاؤنٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ کے پریس ریلیز کے مطابق یہ واقعہ بدھ کی دوپہر نیویارک کے ایک طبی مرکز (ویسٹبری میں واقع "نساؤ اوپن ایم آر آئی”) میں پیش آیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارےکی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ مذکورہ شخص ایک بڑی دھاتی چین پہنے ہوئے بغیر اجازت اس کمرے میں داخل ہوگیا جہاں ایم آر آئی مشین چل رہی تھی۔اچانک وہ شخص ایم آر آئی مشین کی جانب کھنچتا چلاگیا جس کے باعث اسے شدید جسمانی چوٹیں آئیں اور حالت تشویشناک ہونے پر اسے فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ اگلے دن، گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔واضح رہے کہ ایم آر آئی مشین ایک انتہائی طاقتور مقناطیسی کشش پیدا کرتی ہے، جو جسم کے اندر کی تصاویر بنانے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ جب یہ شخص دھاتی چین کے ساتھ مشین کے قریب گیا تو زبردست کشش کی وجہ سے وہ اچانک مشین کی طرف کھنچتا چلا گیا۔اس سلسلے میں امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی اے) نے عوام الناس کیلیے ہدایات جاری کی ہیں جس میں کہا ہے کہ یاد رکھیں !! ایم آر آئی مشین کی مقناطیسی طاقت کی وجہ سے کسی بھی قسم کی دھات کو اس کے پاس لے کر جانا خطرناک ہوتا ہے لہٰذا لازمی احتیاط کریں۔رپورٹ کے مطابق ایم آر آئی مشین میں جانے سے پہلے مریضوں کو عموماً مخصوص لباس پہننے کو کہا جاتا ہے اور ان سے یہ بھی پوچھا جاتا ہے کہ آیا ان کے جسم میں کوئی دھاتی پیس، ایمپلانٹ یا زیور تو نہیں۔