کویت سٹی : کویت کی وزارت داخلہ نے ان غیر ملکی افراد کے لیے چار ماہ کی عارضی توسیع کردی ہے جن کی کویتی شہریت گزشتہ دنوں منسوخ کردی گئی تھی۔کویت کی حکومت کے اس اقدام کے تحت شہریت کی منسوخی سے متاثرہ افراد ان چار ماہ کے دوارن کویتی پاسپورٹ استعمال کرسکتے ہیں اور اپنی رہائش کی قانونی حیثیت کو درست کرنے کے حوالے سے رجوع کرسکتے ہیں۔حکومت کا یہ اقدام کویت میں جعلی شہریت کے خلاف کیے جانے والے کریک ڈاؤن کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے، جو حالیہ برسوں میں شدت اختیار کرچکا ہے۔10جولائی 2025 کو جاری کردہ قواعد و ضوابط کے مطابق وہ افراد جنہوں نے کویتی شہریت کسی پر رشتہ دار یا عزیز کے ذریعے حاصل کی تھی انہیں فوری طور پر اپنے اصل ملک کے سفارت خانے سے پاسپورٹ یا مستند سفری دستاویزات حاصل کرنا ہوں گی۔یہ دستاویزات کویت میں قانونی رہائش کے لیے ضروری ہیں، ان افراد کو اپنے عمل کا تحریری ثبوت بھی فراہم کرنا لازمی ہوگا تاکہ ان کیلیے عارضی توسیع کے دوران کچھ محدود سہولیات تک رسائی برقرار رکھی جا سکے۔عارضی توسیع میں دی گئی سہولیاتمذکورہ چار ماہ کی عارضی مدت کے دوران متاثرہ افراد کو چند بنیادی حقوق جیسے ملازمت، اعلیٰ تعلیم، رہائش کیلیے محدود رسائی فراہم کی جائے گی، لیکن انحصار کے ذریعے شہریت لینے والوں کو مستقل قیام کی اجازت نہیں دی جائے گی اور انہیں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔بعد ازاں کویت کے سرکاری جریدہ "کویت الیوم” میں متاثرہ افراد کے نام شائع کیے جائیں گے، جبکہ اس طرح کے سینکڑوں معاملات ابھی بھی کابینہ میں زیرِ غور ہیں جن پر جعلی شناخت، فرضی شجرہ نسب، اور دہری شہریت جیسے سنگین الزامات ہیں۔رواں سال اب تک 1 ہزار 60 سے زائد افراد کی شہریت منسوخ کی جا چکی ہے، جو کویت کی تاریخ کی سب سے بڑی کارروائی ہے۔کویتی حکومت کی جانب سے شہریت کی منسوخی ایک سخت اقدام ہے لیکن حکومت کی جانب سے دی گئی چار ماہ کی عارضی مہلت متاثرہ افراد کو اپنی قانونی حیثیت درست کرنے کا ایک موقع فراہم کرتی ہے تاکہ وہ فوری بے دخلی سے محفوظ رہ سکیں۔