نئی دہلی: دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ دہلی کانگریس بہت جلد جھگی جھونپڑی اور ریہڑی پٹری کے اجاڑے جانے کے خلاف سڑکوں پر اتر کر مہم چلائے گی۔ اس مہم کے ذریعہ کانگریس عوام کی آواز بنے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے پردیش سطح پر ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، جو دہلی کے مسائل پر جلد ہی اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ اس رپورٹ میں خاص طور سے جھگی جھونپڑی اور ریہڑی پٹری کے اجاڑے جانے سے متعلق ایک جامع منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔ اس پر آئندہ ماہ زمینی سطح پر کام شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید مطلع کیا کہ دہلی میں بی جے پی حکومت کی جانب سے عوام کو نظر انداز کیے جانے کے بعد کانگریس کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے کہ وہ عوامی مسائل پر آواز بلند کرے۔دہلی کانگریس صدر نے کہا کہ عوامی ہیرو راہل گاندھی کی قیادت میں پارٹی نے جو ’تنظیم تشکیل مہم‘ شروع کی ہے، جسے دہلی کانگریس نے ضلع سطح پر تربیتی کیمپ لگا کر مکمل کر لیا ہے۔ ان کیمپوں میں بلاک کانگریس کمیٹی کے صدور اور ضلع عہدیداروں کو تربیت دی گئی ہے۔ دہلی کے 14 اضلاع میں موجود تمام 258 بلاک کانگریس کمیٹیوں میں سیکٹرز کی تشکیل مکمل ہو چکی ہے، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ کانگریس تنظیم ہر قسم کے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔دیویندر یادو نے پردیش کانگریس کمیٹی کے دفتر میں منعقد ایک اہم اجلاس میں موجود ضلع صدور، لوک سبھا اور ضلع مبصرین کے ساتھ آئندہ کے پارٹی لائحہ عمل پر بھی بات چیت کی اور رہنمائی دی۔ اس میٹنگ میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے دہلی انچارج قاضی نظام الدین، دہلی حکومت کے سابق وزیر ڈاکٹر نریندر ناتھ، کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین انل بھارتی، سابق ایم ایل اے ہری شنکر گپتا اور پردیش کانگریس کے انتظامی انچارج جتن شرما بھی موجود تھے۔اس دوران دیویندر یادو نے کہا کہ ’تنظیم تشکیل مہم‘ کے تحت تربیتی کیمپ اب بلاک سطح پر بھی منعقد کیے جائیں گے۔ ضلع سطح کے تربیتی کیمپوں میں جس طرح پارٹی کے نظریہ، پالیسی، اقدار، تاریخ و روایات، انتخابی حکمت عملی –جس میں انتخاب سے پہلے، انتخاب کے دوران اور بعد کی کارروائیوں کی معلومات دی گئی تھیں– اسی طرز کی تربیت بلاک کی سطح پر بھی دی جائے گی تاکہ کارکن ہر سیاسی چیلنج کا سامنا کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہوں۔