ہندوستان نے جنوری 2025 کے بعد سے اپنی پاسپورٹ رینکنگ میں کافی بہتری درج کی ہے۔ اب ہندوستان پاسپورٹ درجہ بندی میں 85 ویں سے 77 ویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔ ہندوستان کو پاسپورٹ درجہ بندی میں 8 مقام کا فائدہ ہوا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی شہریوں کو 59 ممالک تک ویزا فری رسائی حاصل ہو چکی ہے۔ یہ جانکاری ہینلے پاسپورٹ انڈیکس رینکنگ میں دی گئی ہے۔سنگاپور ہینلے پاسپورٹ انڈیکس میں سرفہرست مقام پر برقرار ہے، اسے پوری دنیا کے 227 میں سے 193 مقامات تک ویزا فری رسائی دی گئی ہے۔ جولائی 2025 میں شائع یہ درجہ بندی آئی اے ٹی اے (انٹرنیشنل ایئر ٹریول ایسو سی ایشن) کے خصوصی اعداد و شمار پر مبنی ہے اور یہ ان منازل کی تعداد ظاہر کرتی ہے جہاں پاسپورٹ بغیر پیشگی ویزا کے داخل ہونے کی اجازت دیتا ہے۔ ایشیائی پڑوسی ملک جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر دوسرے مقام پر ہیں، ان دونوں ممالک کو 190 مقامات تک ویزا فری رسائی حاصل ہے۔نئی رینکنگ کے مطابق ہندوستان کی ویزا فری رسائی میں صرف 2 مقامات شامل کیے گئے ہیں۔ اس کے باوجود بہتری کی وجہ سفارتی رسائی میں اضافہ اور دو طرفہ معاہدہ کو قرار دیا گیا ہے۔ نئی پاسپورٹ رینکنگ میں سعودی عرب کو بھی فائدہ ہوا ہے، اس کے ویزا فری منزلوں میں 4 مقامات کی بہتری آئی ہے۔ رینکنگ میں برطانیہ اور امریکہ کو نقصان ہوا ہے۔ برطانیہ 6ویں نمبر پر آ گیا ہے، جس کو 186 ممالک تک ویزہ فری رسائی حاصل ہے۔ امریکہ اب 182 مقامات تک پہنچ کے ساتھ 10 ویں مقام پر ہے۔ گزشتہ ایک دہائی میں دونوں ممالک کی رینکنگ میں مسلسل گراوٹ آئی ہے۔ ایسا پہلی بار ہے جب امریکہ کے پاسپورٹ رینکنگ کے معاملے میں ٹاپ 10 سے باہر ہونے کا خطرہ ہے۔یورپی یونین کے 7 ممالک ڈینمارک، فنلینڈ، فرانس، جرمنی، آئرلینڈ، اٹلی اور اسپین مشترکہ طور پر رینکنگ میں تیسرے مقام پر ہے اور ہر ایک ملک کے پاسپورٹ پر 189 ممالک میں بغیر ویزا کے سفر کیا جا سکتا ہے۔ چوتھے مقام پر آسٹریا، بیلجیم، لکزمبرگ، نیدرلینڈ، ناروے، پرتگال اور سویڈن ہے۔ ان ممالک کے پاسپورٹ پر 188 ممالک کا سفر کیا جا سکتا ہے۔ نیوزی لینڈ، یونان اور سوئٹزرلینڈ بھی ٹاپ 5 ممالک میں شامل ہے، اور ان کا پاسپورٹ 187 ممالک تک ویزا فری رسائی فراہم کرتا ہے۔