واشنگٹن : صدر ٹرمپ کیخلاف سازش کے الزام پر امریکی انٹیلی جنس نے دستاویزی ثبوت جاری کر دیے ہیں۔ کارروائی کا فیصلہ محکمہ انصاف کرے گا۔اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سال2016کے امریکی صدارتی انتخابات میں صدر ٹرمپ کے روس کے ساتھ گٹھ جوڑ کے الزامات کو وائٹ ہاؤس نے صدر اوباما اور ان کے انٹیلیجنس اہلکاروں کی بڑی سازش قرار دیتے ہوئے دستاویزی ثبوت جاری کردیے ہیں۔اس حوالے سے وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیوٹ اور ڈائریکٹر نیشنل انٹیلیجنس تلسی گیبرڈ نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا ہے۔اس موقع پر ترجمان وائٹ ہاؤس کیرو لائن لیوٹ نے آئیڈاہو میں قاتلانہ واقعے پر افسوس کا اظہار کیا انہوں نے بتایا کہ ٹرمپ آج مصنوعی ذہانت کے حوالے سے کانفرنس سے خطاب اور 3 ایگزیکٹیو حکم ناموں پر دستخط کریں گے۔ڈائریکٹر انٹیلی جنس تلسی گیبرڈ نے کہا کہ صدر ٹرمپ کیخلاف جھوٹے الزامات عائد کرنے کے حوالے سے مقدمات کے ثبوت محکمہ انصاف کو بھجوا دیے ہیں، سابق صدر اوباما کیخلاف مجرمانہ ثبوت پر کارروائی کا فیصلہ محکمہ انصاف کرے گا۔ترجمان نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے امریکی سرمایہ کاروں کیلئے پوری دنیا کی مارکیٹ کھول دی ہے، ٹرمپ کہہ چکے ہیں کہ امریکی مصنوعات حاصل کرنے والوں کو ٹیرف رعایت دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ٹرمپ کے اقتدار میں آنے سے اب تک7لاکھ نوکریوں کے مواقع پیدا ہوئے ان کے اقدامات سے ہماری سرحدیں محفوظ ہوئیں اور گیس و بجلی کی قیمتوں میں تاریخی کمی آئی۔ترجمان وائٹ ہاؤس کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ نے پاکستان بھارت کے درمیان جنگ بندی کرائی، انہوں نے نیٹو کو دفاعی بجٹ میں 5 فیصد اضافہ کرنے پر رضامند کیا۔کیرو لائن لیوٹ نے کہا کہ اوباما انتظامیہ نے صدر ٹرمپ کیخلاف بے بنیاد الزامات لگائے، صدر ٹرمپ پر روس کے ساتھ ملی بھگت کے الزامات عائد کئے گئے، سازشوں میں سابق سی آئی اے، ایف بی آئی ڈائریکٹر سمیت اہم افسران شامل رہے۔ترجمان نے بتایا کہ ہمارے پاس اب اس حوالے سے تمام ثبوت موجود ہیں، درحقیقت روس ہیلری کلنٹن کی کامیابی کی کوششیں کر رہا تھا، نیو یارک ٹائمز اور واشنگٹن پوسٹ کو جھوٹی رپورٹنگ پر ایوارڈز سے نوازا گیا، ان صحافیوں سے جھوٹی خبریں شائع کرنے پر ایوارڈز واپس لیے جائیں۔ڈائریکٹر انٹیلی جنس تلسی گیبرڈ کا کہنا تھا کہ اوباما انتظامیہ نے صدر ٹرمپ کیخلاف جھوٹے الزامات لگائے، ان کو تحقیقاتی اداروں، انٹیلی جنس ایجنسیوں کو ٹرمپ کیخلاف سازشوں پرمجبور کیا گیا۔اوباما انتظامیہ کے انٹیلی جنس اہلکاروں نے ٹرمپ، روسی صدر گٹھ جوڑ کے جھوٹے ثبوت جمع کئے، سی آئی اے کے سینئراہلکاروں نے جان برینن اور جیمزکومی سے ٹرمپ پر الزامات کی مخالفت کی۔ڈائریکٹر انٹیلی جنس نے بتایا کہ اوباما، جان برینن، جیمزکومی، حمایتی میڈیا نے2017میں صدر ٹرمپ پر جھوٹے الزامات عائد کئے، جھوٹے الزامات اور مقدمات کے ثبوت محکمہ انصاف کو بھجوا دیے ہیں، کارروائی کا فیصلہ محکمہ انصاف کرے گا۔تلسی گیبرڈ نے کہا کہ انٹیلی جنس کمیونٹی کو سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہیے، سابق صدر اوباما نے انٹیلی جنس کمیونٹی سے ٹرمپ کیخلاف جھوٹی تحقیقاتی رپورٹ بنوائی۔ سابق صدر اوباما کے اقدامات سے امریکیوں کے جمہوریت پر اعتماد کو ٹھیس پہنچی۔ترجمان کیرولائن لیوٹ نے کہا کہ صدر ٹرمپ اس فراڈ میں ملوث تمام افراد کا احتساب چاہتے ہیں، ہیلری کلنٹن، ایڈم شف اور دیگر نے صدر ٹرمپ کیخلاف جھوٹے الزامات لگائے۔