وزیر اعظم نریندر مودی یونائیٹیڈ کنگڈم کے دو روزہ دورے پر جمعرات کو لندن پہنچ گئے۔ برطانیہ کے دفتر خارجہ کی وزیر اور انڈو-پیسفک علاقے کی انچارج کیتھرین ویسٹ نے لندن ہوائی اڈے پر ان کا والہانہ استقبال کیا۔ وزیر اعظم مودی کے اس دورہ میں دونوں ملکوں کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) پر ہونے والی پیش رفت پر سبھی کی نظریں ہیں۔وزیر اعظم نریندر مودی نے لندن پہنچنے پر سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا- ’’لندن پہنچ گیا ہوں۔ یہ دورہ ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط کرے گا۔ اس دورہ کا اہم مقصد ہمارے لوگوں کی خوشحالی، ترقی اور روزگار کو فروغ دینا ہوگا۔‘‘وزیر اعظم نریندر مودی کے لندن پہنچنے پر غیر مقیم ہندوستانیوں میں کافی خوشی دیکھی گئی۔ سبھی نے وزیر اعظم کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔ اس دوران نریندر مودی نے بھی کئی لوگوں سے بات کی اور بچوں کو آشیرواد دیا۔Landed in London. This visit will go a long way in advancing the economic partnership between our nations. The focus will be on furthering prosperity, growth and boosting job creation for our people. A strong India-UK friendship is essential for global progress. pic.twitter.com/HWoXAE9dyp— Narendra Modi (@narendramodi) July 23, 2025وزیر اعظم مودی کا یو۔کے کا یہ دورہ کافی اہم مانا جا رہا ہے۔ اس دورے کی سب سے خاص بات ہندوستان اور یو۔کے۔ کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) پر دستخط مانا جا رہا ہے۔ ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی اور برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر کی موجودگی میں ایف ٹی اے پر دستخط ہوں گے۔ اس معاہدے سے چمڑے، جوتے اور کپڑوں کی رعایتی شرحوں پر برآمدگی ممکن ہوگی۔ وہیں برطانیہ سے وہسکی اور کاروں کی درآمدگی سستی ہو جائے گی۔اپنے دورہ کے دوران نریندر مودی برطانوی وزیر اعظم کے ساتھ میٹنگ کریں گے اور دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر بات چیت کریں گے۔ اس دورہ کا مقصد ہند۔برطانیہ کے درمیان جامع اسٹریٹیجک شراکت داری (سی ایس پی) کی گروتھ کا جائزہ لینا ہے۔ ساتھ ہی اس دورہ کے دوران وزیر اعظم مودی کنگس چارلس-سوم سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد وہ 26-25 جولائی کو مالدیپ کے سفر پر روانہ ہو جائیں گے۔