بھارت میں پھنسے برطانوی لڑاکا طیارے نے بالآخر اڑان بھرلی

Wait 5 sec.

نئی دہلی(23 جولائی 2025): برطانوی شاہی بحریہ کا جدید ترین ایف 35 اسٹیلتھ طیارہ 37 دن بھارت میں گراؤنڈ رہنے کے بعد واپس روانہ ہوگیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت میں پانچ ہفتوں سے پھنسے برطانوی لڑاکا طیارے نے بالآخر اڑان بھرلی، رائل نیوی کا جدید ترین ایف 35 چودہ جون کو کیرالہ کے ساحلی علاقے کے قریب پرواز کے دوران تکنیکی خرابی کا شکار ہوا اور اسے ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔ہائیڈرولک سسٹم اور معاون پاور یونٹ میں خرابی کے باعث وہ دوبارہ پرواز کے قابل نہ رہا، 6 جولائی کو برطانوی ماہرین کی ٹیم مرمت کے لیے تھریو اننتھ پورم ایئرپورٹ پہنچی۔بھارت میں اگر مرمت ممکن نہ ہوتی تو فائٹر جیٹ کو کھول کرسی ون تھرٹی طیارے کے ذریعے لے جانے کی تجویز بھی زیرِ غور تھی۔واضح رہے کہ یہ برطانوی طیارہ برطانوی شاہی بحریہ کے طیارہ بردار بحری جہاز ایچ ایم ایس پرنس آف وہیلز پر تعینات تھا، ایف 35 طیارے کا شمار دنیا کے جدید ترین پانچویں جنریشن کے طیاروں میں ہوتا ہے۔