انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا چوتھا مقابلہ شروع ہوتے ہی ٹیم انڈیا کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ ٹیم کے نائب کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کو پہلے دن کی بلے بازی کے دوران لگی چوٹ سنگین ثابت ہوئی ہے۔ خبر ہے کہ پنت کے پیر کی انگلی میں جو چوٹ لگی تھی اس میں فریکچر پایا گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق ان کا آگے ٹیسٹ سیریز میں کھیلنا مشکل نظر آ رہا ہے اور وہ 6 ہفتے تک کرکٹ سے دور رہ سکتے ہیں۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر رشبھ انجیکشن لے کر اس ٹیسٹ میچ کی دوسری پاری میں بلے بازی کر سکتے ہیں۔دراصل مینچیسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ میں جاری چوتھے ٹیسٹ کے پہلے دن جب رشبھ پنت 37 رنوں کے نجی اسکور پر بلے بازی کر رہے تھے تو کرس ووکس کی گیند کو ریورس سوئپ کرنے میں وہ بُری طرح ناکام ہو گئے اور گیند ان کے داہنے پیر کی چھوٹی انگلی کے پاس لگی۔ وہ بہت درد میں نظر آئے۔ فیزیو میدان پر پہنچے تو دیکھا کہ پنت کے پیر سے خون نکل رہا ہے اور تیز درد ہے۔ ایسے میں پنت کو میدان سے باہر لے جایا گیا۔ کھیل ختم ہونے کے بعد وہ اسکین کے لیے گئے۔ اس کی اطلاع بی سی سی آئی کی طرف سے بھی دی گئی۔ PANT OUT FOR 6 WEEKS. - Rishabh Pant advised a 6 week rest for a fractured toe. (Express Sports). pic.twitter.com/d3oavEU1C1— Mufaddal Vohra (@mufaddal_vohra) July 24, 2025دوسرے دن کے کھیل سے پہلے ’کرک بز‘ نے رپورٹ کیا ہے کہ رشبھ پنت کے پیر کی انگلی میں فریکچر ہے اور وہ اس وجہ سے ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔ قریب دو مہینے کا وقت ان کو اس چوٹ سے ری کور ہونے میں لگے گا۔ حالانکہ پنت ٹیم کیمپ سے باہر نہیں گئے ہیں۔ وہ ابھی بھی اپنے زخمی پیر پر کوئی دباؤ نہیں ڈال پا رہے ہیں، جس سے باقی میچ میں ان کی دستیابی پر سوال کھڑے ہو گئے ہیں۔رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ درد کے باوجود بلے بازی کے لیے پُرجوش ہیں اور اگر وہ بہتر محسوس کرتے ہیں تو دوسری اننگز میں بلے بازی کے لیے آ سکتے ہیں۔ ویسے ٹیم انڈیا نے مانچسٹر ٹیسٹ میں پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک 4 وکٹ کے نقصان پر 264 رن بنا لیے تھے۔پنت کی چوٹ نے اس سیریز میں ہندوستان کی فٹنیس سے متعلق تشویش مزید بڑھا دی ہے اور زخمی کھلاڑیوں کی فہرست میں ایک اور نام جڑ گیا ہے۔ اس سے پہلے نتیش کمار ریڈی کے علاوہ آکاش دیپ (کمر میں) اور ارشدیپ سنگھ (انگلی میں) دونوں چوٹ کی وجہ سے میچ کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ نتیش کمار ریڈی سیریز سے باہر ہو چکے ہیں۔ انشول کمبوج کو ان کی جگہ ڈیبیو کرنے کا موقع ملا ہے۔واضح رہے کہ رشبھ پنت لارڈس ٹیسٹ کے دوران بھی انگلی میں چوٹ لگا بیٹھے تھے، جس کی وجہ سے وہ پورے میچ میں وکٹ کیپنگ نہیں کر پائے، حالانکہ وہ بلے بازی کرنے آئے تھے۔