وارسا (11 ستمبر 2025): مبینہ روسی ڈرونز تباہ کرنے کے بعد پولینڈ کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کیا جائے گا جس کا مقصد پولینڈ کی فضائی حدود کی مبینہ خلاف ورزی پر غور کرنا ہے۔سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق پولینڈ کی وزارت خارجہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں اس بات کی تصدیق کی۔وزارت نے دعویٰ کیا کہ روس نے پولینڈ کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ہے۔ اگرچہ اجلاس کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا لیکن سفارتی ذرائع کے مطابق یہ اجلاس ممکنہ طور پر جمعہ 12 ستمبر 2025 کو منعقد ہو سکتا ہے۔یہ بھی پڑھیں: مبینہ روسی ڈرونز تباہ کرنے کا معاملہ، چیک ریپبلک پولینڈ کے دفاع میں آگیاپولش فوجی حکام کے مطابق 10 ستمبر 2025 کی صبح کے وقت ملک کی فضائی حدود کی 19 بار خلاف ورزی کی گئی جن میں مبینہ طور پر ڈرون شامل تھے، پولینڈ نے ان ڈرونز کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے جن میں سے اب تک تین کے ملبے کی تصدیق ہو چکی ہے۔پولش وزیر اعظم ڈونالڈ ٹسک کے مطابق تمام ڈرونز بیلاروس کی جانب سے داخل ہوئے۔ پولینڈ نے واقعے کے بعد نیٹو سے معاہدہ شمالی اوقیانوس (نیٹو) کے آرٹیکل 4 کے تحت مشاورت طلب کی جس کے تحت رکن ممالک کو درپیش ممکنہ خطرات پر اجتماعی مشاورت کی جاتی ہے۔ادھر روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ ان کی افواج نے مغربی یوکرین میں فوجی اور صنعتی تنصیبات کو نشانہ بنایا اور ان کا کوئی ہدف پولینڈ میں موجود نہیں تھا۔روسی وزارت کے مطابق جن ڈرونز کی پرواز کی اطلاع دی گئی ان کی حد پرواز 700 کلومیٹر سے زیادہ نہیں جو پولینڈ تک پہنچنے کے قابل نہیں۔ تاہم روس نے پولینڈ کے ساتھ اس معاملے پر بات چیت کیلیے آمادگی ظاہر کی ہے۔