سویڈن کی وزیر صحت عہدہ سنبھالنے کے پہلے دن ہی لائیو کانفرنس کے دوران بے ہوش ہو کر گر گئیں۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق الیزابیٹ لین کا منگل 9 ستمبر کو سویڈن کی نئی وزیر صحت کے طور پر اعلان کیا گیا اور عہدہ سنبھالنے کے پہلے ہی دن ان کی طبیعت خراب ہو گئی۔الیزابیٹ لین نے میڈیا بریفنگ میں ملک کے وزیر اعظم الف کرسٹرسن اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ شمولیت اختیار کی، اسی دن انہیں اپنے پیشرو کے اچانک مستعفی ہونے کے بعد نئی ذمہ داری سونپی گئی۔ٹی وی پر براہ راست نشر ہونے والے مناظر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وزیر صحت اچانک بے ہوش ہو کر زمین پر گرِ گئیں اور وہاں موجود لوگوں نے انہیں اٹھایا اور طبی امداد دی۔حواس بحال ہونے پر وہ واپس کمرے میں آئیں اور شرکا کو بتایا کہ ان کا بلڈ شوگر کم ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا، "یہ بالکل عام دن نہیں تھا اور جب آپ کے بلڈ شوگر میں کمی واقع ہو تو ایسا ہی ہو سکتا ہے۔”