دہلی: ’ووٹ چوری‘ کے خلاف دیویندر یادو کی قیادت میں نکالی گئی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘، ہزاروں کانگریس کارکنان کی شرکت

Wait 5 sec.

نئی دہلی: دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو کی قیادت میں آج تمام ضلعی کانگریس کمیٹیوں کی ماہانہ مجلس عاملہ میٹنگ منعقد ہوئی، اور اس کے بعد کرول باغ ضلع کانگریس کمیٹی میں ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ نکالی گئی۔ مصطفیٰ آباد اسمبلی میں سنجے چوک، 25 فٹا روڈ سے ’ووٹ چور، گدی چھوڑ‘ نعرہ بلند کرتے ہوئے شروع ہوئی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ میں ہزاروں کانگریس کارکنان کی شرکت دیکھنے کو ملی۔کراول نگر ضلع میں ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کا انعقاد سابق امیدوار علی مہدی نے کیا۔ اس یاترا میں ریاستی صدر دیویندر یادو کے ساتھ سابق ارکان اسمبلی حسن احمد، بھیشم شرما، ضلع صدر آدیش بھاردواج، راج کمار جین، علی مہدی، آبزرور ڈاکٹر پی کے مشرا، رمیش سبروال، جگجیون شرما، ایشور باگری خاص طور پر شامل تھے۔اس مقع پر دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی میں ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ نکال کر کانگریس پارٹی دہلی میں بی جے پی کی ’ووٹ چوری‘ کی سازش کو بے نقاب کرنے اور دہلی کے ووٹروں کو اس سازش سے باخبر رکھنے کے لیے آگاہی پیدا کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ راہل گاندھی نے صرف ایک اسمبلی حلقہ میں ووٹ چوری کو بے نقاب کر کے بی جے پی اور الیکشن کمیشن کی سازش کا پردہ فاش کیا تھا، اور بہار میں ایس آئی آر کے تحت بہار انتخابات میں ووٹ چوری کی سازش کے خلاف نکالی گئی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ کو عوام کی بھرپور حمایت ملی۔ اسی سلسلے میں دہلی کانگریس بھی دہلی کی عوام کو ووٹ چوری سے باخبر کرنے کے لیے تمام اضلاع میں ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ نکالے گی۔دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ مصطفیٰ آباد اسمبلی حلقہ کی ’ووٹر ادھیکار یاترا‘ میں عوام کی زبردست بھیڑ سے یہ بات صاف ہو گئی کہ بی جے پی اپنی مقبولیت نہیں بلکہ ووٹ چوری کے ذریعے ملک اور ریاستوں کی حکومت پر قابض ہو رہی ہے۔ ہزاروں لوگوں کا یاترا کے ساتھ چلنا اور گھروں سے نکل کر رہائشی علاقوں میں یاترا کو حمایت ملنا، اس سے یہ بات واضح ہو گئی کہ دہلی کے لوگ کانگریس کو لانا چاہتے ہیں کیونکہ عام آدمی پارٹی نے 11 سال تک انہیں دھوکہ دیا اور بی جے پی بھی صرف جھوٹے وعدوں کے ذریعے انہیں فریب دے رہی ہے۔اس سے قبل تمام ضلعی کانگریس کمیٹی کی ماہانہ مجلس عاملہ کی میٹنگ میں بھی ایک جوش کا ماحول دیکھنے کو ملا۔ آدرش نگر ضلع میں ضلع صدر سدھارتھ راؤ، پٹپڑگنج ضلع میں دنیش کمار ایڈووکیٹ، کرشنا نگر ضلع میں ڈاکٹر نریندر ناتھ، کرول باغ ضلع میں مدن کھوروال، نئی دہلی ضلع میں وریندر کاسانہ، روہنی ضلع میں اندرجیت سنگھ، کراڑی ضلع میں سابق ایم ایل اے سریندر کمار، تلک نگر ضلع میں دھرمپال چنیلا، نجف گڑھ ضلع میں ستبیر شرما، مہرولی ضلع میں راجیش چوہان اور بدرپور ضلع کانگریس کمیٹی میں ضلع صدر ہرش چودھری نے اپنے اپنے علاقوں میں ضلعی عاملہ کی میٹنگ منعقد کی۔ان میٹنگوں کے بعد دیویندر یادو نے کہا کہ میں تمام ضلعی کانگریس کمیٹیوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ تمام نو منتخب بلاک صدور کے ساتھ مل کر دہلی بھر میں بوتھ سطح تک گلی محلوں کے ہر گھر تک بی جے پی کی ووٹ چوری کے کالے کرتوت سے دہلی کی عوام کو آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کا حق آزادی کے بعد ملک کی عوام کو جمہوری آئین کے تحت دیا گیا تھا، جس کے بعد عوام اپنی حکومت بناتی تھی۔ لیکن بی جے پی عوام کے ووٹ کی سیدھی چوری کر کے ہر بار اقتدار پر قابض ہو رہی ہے۔ الیکشن کمیشن پر کنٹرول کر کے اور آئینی اداروں سے منمانی کام کروا کر بی جے پی ملک میں جمہوریت کو ختم کرنے کی سازش تیار کر رہی ہے۔