اڑیسہ : بھارت میں ڈاکٹروں نے ایک نہایت پیچیدہ آپریشن کرکے 80 سالہ شخص کی غذا کی نالی میں پھنسی 9 انچ لمبی ’ٹوتھ پک‘ کامیابی کے ساتھ نکال لی۔بھارتی ریاست اڑیسہ کے ایم کے سی جی میڈیکل اسپتال برہم پور کے ڈاکٹروں نے ایک گھنٹے کی طویل سرجری کی جس کے بعد مریض کی حالت اب مستحکم بتائی جا رہی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ضلع گنجم کے ناٹنگا گاؤں کے رہائشی کماراجو نائک نے دانت صاف کرتے وقت غلطی سے ’ٹوتھ پک‘ نگل لی تھی، جو جاکر ان کی غذائی نالی میں پھنس گئی۔مسلسل تکلیف اور کھانے میں دشواری کے باعث ان کے اہل خانہ نے مختلف ڈاکٹروں سے رجوع کیا، تاہم کوئی حل نہ نکل سکا۔ آخرکار انہیں گزشتہ روز ایم کے سی جی میڈیکل کالج برہم پور لایا گیا۔ای این ٹی ڈیپارٹمنٹ کے ماہر ڈاکٹروں نے تفصیلی معائنہ اور ٹیسٹوں کے بعد تصدیق کی کہ ’ٹوتھ پک‘ غذائی نالی میں پھنس گئی ہے۔ مریض کو پہلے سے ہائی بلڈ پریشر کی شکایت ہونے کے باعث آپریشن کو نہایت احتیاط کے ساتھ انجام دیا گیا۔کماراجو نائک کی بیٹی نے بتایا کہ ان کے والد تقریباً آٹھ دن تک کچھ کھا نہیں سکے اور سخت تکلیف میں تھے، ڈاکٹروں نے انتہائی مہارت کے ساتھ ٹوتھ پک نکال کر ہمارے والد کو نئی زندگی دی ہے۔سینے میں چاقو کیسے پہنچا؟ طبی تاریخ کا نایاب واقعہ، ڈاکٹرز بھی دنگ رہ گئے