انل امبانی کی مشکلات میں کمی کے دور دور تک کوئی آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔ کچھ روز قبل سیبی نے ان کی اس اپیل کو خارج کر دیا تھا، جس میں انہوں نے یَس بینک میں کی گئی سرمایہ کاری کی تحقیق بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اب خبر ہے کہ مرکز کی تحقیقاتی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے انل امبانی اور ان کی کمپنی ریلائنس کمیونکیشن کے خلاف پریوینشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے) کے تحت معاملہ درج کر لیا ہے۔منی لانڈرنگ کیس: انل امبانی سے دہلی میں 10 گھنٹے پوچھ گچھ، بیان کی ویڈیوگرافی، دوبارہ طلبی کا امکان’اکنامکس ٹائمس‘ کی رپورٹ کے مطابق اس معاملہ میں انل امبانی اور ان کی کمپنی پر اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) کو تقریباً 2929 کروڑ کا نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ یہ معاملہ سی بی آئی کے ذریعہ درج کردہ ایف آئی آر کی بنیاد پر درج کیا گیا ہے، جو 12 اگست کو سامنے آیا تھا۔ دراصل سی بی آئی نے انل امبانی کی کمپنی ریلائنس کمیونکیشن پر 2929 کروڑ روپے کے بینک فراڈ کا معاملہ درج کیا تھا۔ اس کے بعد 23 اگست کو ممبئی میں سی بی آئی نے ان کے آفس اور ان کے گھر پر چھاپے ماری بھی کی تھی۔مذکورہ معاملہ سامنے آنے کے بعد انل امبانی کی جانب سے جاری بیان میں الزامات کو مکمل طور سے خارج کر دیا گیا تھا۔ ان کے ترجمان نے کہا کہ اس معاملہ میں انہیں نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ متعلقہ شکایت ایس بی آئی کے ذریعہ ان معاملوں پر کی گئی ہے جو تقریباً 10 سال قبل کے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ اس وقت انل امبانی ریلائنس کمیونکیشن کے نان ایگزیکٹیو ڈائریکٹر تھے اور کمپنی کے روز مرہ کے انتظام میں براہ راست ان کا کوئی کردار نہیں تھا۔ دوسری جانب سی بی آئی کے بعد ای ڈی نے بھی اس معاملہ میں منی لالنڈرنگ کے شک کی بنیاد پر تحقیقات شروع کر دی ہے۔واضح ہو کہ ای ڈی نے اب تک 3 مختلف معاملوں میں انل امبانی اور ان کی کمپنیوں کی مبینہ دھوکہ دہی کی تحقیقات کی ہے۔ 18 اگست کو میڈیا رپورٹس میں یہ بھی سامنے آیا تھا کہ ای ڈی نے انل امبانی کی ریلائنس گروپ کے کئی سینئر افسران سے 17000 کروڑ روپے کے بینک قرض گھوٹالے کی تحقیقات کے سلسلے میں پوچھ تاچھ کی ہے۔ تحقیقات کے دوران ای ڈی نے تقریباً 20 سے زائد پرائیویٹ اور پبلک بینکنگ اداروں کو خط لکھ کر ریلائنس گروپ کو دیے گئے قرض اور ان کے کریڈٹ جانچ کی جانکاری مانگی ہے۔اس معاملہ میں ای ڈی نے منگل (9 ستمبر) کو انل امبانی کے سابق قریبی ساتھی امیتابھ جھنجھنوالا سے بھے پوچھ تاچھ کی، جو پہلے بھی تحقیقات کے دوران ایجنسی کے سامنے آ چکے ہیں۔ ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق اس بینک دھوکہ دہی کا پتہ تب چلا جب ایس بی آئی کے ممبئی برانچ کی ڈی جی ایم جیوتی کمار نے 18 اگست کو ای ڈی کو شکایت درج کرائی۔ اس شکایت کی بنیاد پر ای ڈی نے معاملہ درج کیا ہے۔ جیوتی کمار نے بتایا کہ یہ معاملہ اکتوبر 2020 میں ایک فارینسک آڈیٹر کی رپورٹ کے ذریعہ سامنے آیا تھا۔