واشنگٹن : ایران کے خلاف جنگ کے ابتدائی 100 گھنٹوں میں امریکہ کو اربوں ڈالر کا بھاری مالی نقصان ہوا، امریکی فوجی کارروائی پر روزانہ تقریباً 890 ملین ڈالر خرچ ہوتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی کے آغاز سے اب تک امریکہ کو مالی اور دفاعی محاذ پر شدید نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔امریکی خبر رساں ادارے ‘سی این این’ کی رپورٹ میں بتایا گیا جنگ کے پہلے 100 گھنٹوں میں امریکہ کے 3.7 ارب ڈالر ڈوب چکے ہیں۔رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ایران کے خلاف اس فوجی مہم پر امریکہ کے روزانہ کے اخراجات تقریباً 890 ملین ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔جنگی اخراجات میں اس مسلسل اضافے نے امریکی دفاعی بجٹ پر دباؤ بڑھا دیا ہے، جس کے باعث فوجی مہم کو جاری رکھنے کے لیے مزید فنڈنگ کی ضرورت پڑے گی۔رپورٹ میں کہنا تھا کہ مالی نقصانات کے ساتھ ساتھ امریکی فضائیہ کو بھی دھچکا لگا ہے، جنگ کے دوران اب تک امریکہ کے تین ایف-15 (F-15) لڑاکا طیارے تباہ ہو چکے ہیں۔طیاروں کی تباہی اور جدید اسلحے کے بے دریغ استعمال نے پینٹاگون کے لیے نئی تشویش پیدا کر دی ہے۔سی این این کی رپورٹ کے مطابقامریکی انتظامیہ اب اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اضافی فنڈز کے حصول پر غور کر رہی ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر جنگ طویل ہوتی ہے تو امریکہ کو نہ صرف مزید مالی وسائل درکار ہوں گے بلکہ اسے اپنے جنگی سازوسامان کی کمی کا بھی سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔