نئی دہلی : اسرائیل ایران تنازع کی کوریج پر مودی حکومت اپنے ہی میڈیا سے گھبرا گئی اور نیوز چینلز کی ریٹنگ پر پابندی عائد کردی۔تفصیلات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور اسرائیل ایران تنازع کی کوریج نے مودی حکومت کو سخت پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔بھارتی حکومت نے نیوز ٹی وی چینلز کی ریٹنگ جاری کرنے پر ایک ماہ کی فوری پابندی عائد کرتے ہوئے انڈین ریٹنگ ایجنسی ‘بارک’ (BARC) کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا ہے۔بھارتی وزارتِ اطلاعات کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں مودی حکومت نے خود اپنے میڈیا کا پول کھولتے ہوئے اعتراف کیا ہے کہ بھارتی نیوز چینلز اسرائیل ایران تنازع پر سنسنی خیزی اور غیر مصدقہ خبریں نشر کر رہے ہیں۔مودی حکومت کے اسرائیل کے ساتھ قریبی تعلقات کے برعکس، بھارتی نیوز چینلز کا زیادہ فوکس ایران پر ہے، جس سے حکومت کو سفارتی مشکلات کا سامنا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں لاکھوں بھارتی شہری مقیم ہیں اور میڈیا کی غیر ذمہ دارانہ کوریج سے ان کے اہلخانہ میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے مودی حکومت نے خود تسلیم کر لیا ہے کہ ان کا میڈیا (جسے اکثر ‘گودی میڈیا’ کہا جاتا ہے) عوامی مفاد کے بجائے سنسنی پھیلانے میں مصروف ہے۔ ایک ماہ تک ریٹنگ روکنے کا مقصد چینلز کو اس دوڑ سے نکالنا ہے جہاں وہ زیادہ ویور شپ کے لیے جنگی حالات کو توڑ مروڑ کر پیش کر رہے ہیں۔