(7 مارچ 2026): ایران کی جانب سے عراقی کردستان کے حکام کو سرحد کے قریب دہشت گرد گروپوں کی نقل و حرکت پر سخت انتباہ جاری کیا گیا ہے۔ایرانی خبر رساں ایجنسی ‘فارس’ کے مطابق ایرانی نیشنل ڈیفنس کونسل نے عراقی کردستان ریجن کے حکام کو خبردار کیا ہے کہ ایرانی اور عراقی سرحد کے قریب دہشت گرد گروہ سرگرم ہو رہے ہیں۔ایرانی خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ جمعہ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان ایرانی افواج نے کہا کہ ہم عراقی کردستان ریجن میں اپنے دوستوں اور بھائیوں کو یاد دلاتے ہیں کہ اب تک صرف امریکی و اسرائیلی اڈوں اور علیحدگی پسند گروہوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ تاہم، اگر دہشت گرد گروہ ایرانی سرحد تک پہنچ گئے تو عراقی کردستان ریجن کی تمام تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا، ترجمان ایرانی افواج نے کہا کہ دشمن سے تعاون ہوا تو کردوں کو ایسا کچل دیں گے کہ آئندہ سیکیورٹی نصیب نہ ہو۔واضح رہے کہ ایران کی جانب سے اپنی سرزمین پر امریکی و صہیونی جارحیت کے جواب میں آپریشن ‘وعدہ صادق 4’ کے تحت خطے میں امریکی فوجی اڈوں اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی اہداف پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔