دبئی : متحدہ عرب امارات کی وزیر مملکت لانا نصیبہ نے انکشاف کیا کہ یو اے ای نے ایک ہزار سے زائد ایرانی ڈرون اور میزائل حملے ناکام بنائے۔تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی وزیر مملکت لانا نصیبہ نے خلیج تعاون کونسل اور یورپی یونین کے ہنگامی اجلاس میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر کیے جانے والے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے یو اے ای کے دفاعی اقدامات کی تفصیلات بتائیں۔یو اے ای کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ لانا نصیبہ نے اجلاس کو بتایا کہ ایران کے غیر قانونی اور بلا اشتعال حملے عالمی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ .انہوں نے انکشاف کیا کہ متحدہ عرب امارات نے ایران کی جانب سے کیے گئے ایک ہزار سے زائد ڈرون اور میزائل حملے کامیابی سے ناکام بنائے، ایرانی حملوں کا زیادہ تر نشانہ شہری تنصیبات اور بنیادی ڈھانچہ تھا، جو عالمی انسانی حقوق کے منافی ہے۔وزیر مملکت نے واضح کیا کہ یو اے ای کی اولین ترجیح اپنے شہریوں اور وہاں مقیم غیر ملکیوں کی حفاظت ہے۔انہوں نے کہا کہ یو اے ای نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے آرٹیکل 51 کے تحت اپنے دفاع کے حق کو استعمال کیا ہے۔ اس کے علاوہ، یورپی مسافروں سمیت دیگر غیر ملکی شہریوں کی امداد کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔اجلاس کے اختتام پر جاری کردہ مشترکہ اعلامیہ میں جی سی سی اور یورپی یونین کے درمیان تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔.لانا نصیبہ کا کہنا تھا کہ خطے میں کشیدگی کو روکنے کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھی جائیں گی تاکہ امن و استحکام کو یقینی بنایا جا سکے۔