ہر سال کی طرح اس سال بھی نوبل انعام حاصل کرنے والوں کے ناموں کا اعلان کردیا گیا جس کے تحت سال 2025 کا طب کا نوبل انعام تین سائنسدانوں نے جیت لیا۔ان خوش نصیبوں اور قابل ترین افراد میں میری ای برنکو، فریڈ رامسڈیل اور شمعون ساکاگوچی شامل ہیں جس کو نوبل انعام کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔اس سال کے نوبل انعام یافتگان میں سے بعض کو صبح سویرے دروازے پر ہونے والی دستک سے خبر ملی، کچھ کو ایک طویل انتظار کے بعد فون کال موصول ہوئی۔ڈاکٹر فریڈ رامسڈیل اپنے نوبل انعام کی خبر سے بے خبر تھےنوبل انعام یافتہ سائنسدان فریڈ رامسڈیل کے حوالے سے ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طب کے شعبے میں انعام جیتنے والے سائنس دان ڈاکٹر فریڈ رامسڈیل اس وقت امریکا کے شہر مونٹانا میں یلو اسٹون نیشنل پارک کے بلند و بالا پرفضا مقام پر اپنی اہلیہ اور کتوں کے ساتھ چھٹیاں گزار رہے تھے اور اس جگہ فون کے سگنلز بھی موصول نہیں ہورہے تھے۔ ان کا فون حسبِ معمول ایئرپلین موڈ پر تھا۔ انہیں یہ جاننے میں کئی گھنٹے لگ گئے کہ وہ نوبل انعام یافتگان میں شامل ہوچکے ہیں۔کئی گھنٹوں کے بعد جب واپسی پر وہ ایک چھوٹے قصبے سے گزر رہے تھے تو بیوی کے فون پر اچانک پیغامات کی بھرمار ہوگئی۔انہوں نے چیخ کر اپنے شوہر سے کہا تم نے نوبل انعام جیت لیا ہے! جس پر انہوں نے کہا کہ نہیں، ایسا نہیں ہو سکتا۔”بیوی نے فون دکھا کر کہا کہ یہ دیکھو، دو سو پیغامات ہیں سب میں یہی لکھا ہوا ہے۔اس کے بعد وہ مونٹانا کے ایک ہوٹل گئے، وائی فائی سے جڑ کر دوستوں اور ساتھیوں کو فون کیا اور رات گئے تک نوبل کمیٹی سے رابطہ قائم کیا۔انہوں نے کہا کہ وہ اس اعزاز پر حیران اور شکر گزار ہیں مگر اپنے فون کے استعمال کے اصول نہیں بدلیں گے کیونکہ فون پر ایئرپلین موڈ میرا توازن برقرار رکھتا ہے۔کبھی کبھی یہ انعام متوقع ہوتا ہے اور ممکنہ امیدوار نیوزکانفرنس کی تیاری کرلیتے ہیں تاکہ میڈیا ٹاک کرسکیں اس کیلیے وہ رات بھر جاگ کر اعلان کا انتظار کرتے ہیں، لیکن ڈاکٹر فریڈ رامسڈیل کے ساتھ ایسا کچھ نہیں تھا۔