ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ ان کا ملک غزہ جنگ بندی کے نفاذ کی نگرانی کے لیے ’ٹاسک فورس‘ میں شامل ہو گا۔بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق طیب اردوان نے اعلان کیا ہے کہ انقرہ جنگ بندی معاہدے کی نگرانی کے لیے ایک "ٹاسک فورس” میں حصہ لے گا۔اردوان نے کہا کہ امید ہے کہ ہم اس ٹاسک فورس میں شامل ہوں گے جو زمین پر معاہدے کے نفاذ کی نگرانی کرے گی۔ترکیہ نے اسرائیل اور حماس کے درمیان معاہدے کو محفوظ بنانے کے لیے مصر کے شہر شرم الشیخ میں قطر، مصر اور امریکہ کے نمائندوں کے ساتھ شمولیت اختیار کی۔اردوان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ "غزہ کو فوری طور پر جامع انسانی امداد پہنچانا، اسیروں اور قیدیوں کے تبادلے اور اسرائیل کے لیے فوری طور پر اپنے حملے بند کرنا بہت اہمیت کا حامل ہے”۔ترک رہنما نے یہ بھی وعدہ کیا کہ ان کا ملک غزہ میں تعمیر نو کی کوششوں میں مدد کرے گا۔