میونسپل کارپوریشن کے ضمنی انتخاب میں ’ووٹ چوری‘ نہیں ہوئی تو کانگریس سبھی 12 وارڈوں میں فتحیاب ہوگی: دیویندر یادو

Wait 5 sec.

نئی دہلی: دہلی کانگریس صدر دیویندر یادو نے دہلی میونسپل کارپوریشن کے 12 وارڈوں میں ہونے والے ضمنی انتخابات کی تیاریوں کا آج جائزہ لیا۔ اس تعلق سے انھوں نے پارٹی دفتر میں ایک اہم میٹنگ کی۔ میٹنگ میں 5 رکنی کوآرڈینیشن کمیٹی، 12 آبزرورز اور وارڈوں سے متعلق ضلعی صدور نے شرکت کی۔ اس میٹنگ میں دیویندر یادو نے کہا کہ اگر دہلی ریاستی الیکشن کمیشن میونسپل کارپوریشن کے ضمنی انتخابات جلد بھی کراتا ہے تو کانگریس پارٹی اس کے لیے پوری طرح تیار ہے۔میٹنگ میں دیویندر یادو کے علاوہ دہلی حکومت کے سابق وزیر ڈاکٹر نریندر ناتھ، سابق رکن اسمبلی ہری شنکر گپتا، سریندر کمار، راجیش گرگ، ضلعی صدر سدھارتھ راؤ، راجیش چوہان، جاوید مرزا، ستبیر شرما، دنیش کمار، ویریندر کاسانہ، مُدت اگروال، راگنی نائک، دہلی خواتین کانگریس کی صدر پُشپا سنگھ، نیتو ورما اور وِنیت یادو بھی موجود تھے۔اس میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے دیویندر یادو نے واضح طور پر کہا کہ اگر میونسپل کارپوریشن کے ضمنی انتخابات میں بی جے پی کی ’ووٹ چوری‘ پر قابو پایا گیا، تو وہ پورے یقین کے ساتھ کہتے ہیں کہ کانگریس پارٹی سبھی 12 وارڈوں میں کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے قائد راہل گاندھی کی جدوجہد سے جڑ کر بی جے پی کی جانب سے آئینی حق ووٹ کی چوری کے خلاف متحد ہو کر لڑ رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 8 ماہ سے بی جے پی کی ریکھا گپتا حکومت نے دہلی کی عوام سے کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔ اب دہلی کے لوگ کانگریس کو ایک بہتر متبادل کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔دیویندر یادو کا کہنا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ سے میونسپل کارپوریشن میں بھی بی جے پی کی حکومت ہے، لیکن وہ دہلی میں صفائی کی ذمہ داری نبھانے میں پوری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ کچرے کے پہاڑ کم کرنے کے دعوے کیے گئے لیکن زمین پر کچھ بھی کام نہیں کیا گیا۔ سڑکوں، گلیوں اور کالونیوں کے ہر کونے پر گندگی کے ڈھیر لگے ہیں اور برسات کے موسم میں پانی بھرنے سے دہلی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ بی جے پی نے دہلی حکومت کے ساتھ ساتھ میونسپل کارپوریشن پر بھی قبضہ جما رکھا ہے، اس کے باوجود کوئی بہتری دیکھنے کو نہیں مل رہی ہے۔ صرف کھوکھلے وعدے اور دعوے کیے گئے ہیں۔ دہلی کی عوام میونسپل کارپوریشن کے ضمنی انتخابات میں بی جے پی کے جھوٹ اور گمراہ کن سیاست کا جواب دیں گے۔دیویندر یادو نے بتایا کہ 12 وارڈوں کے ضمنی انتخابات کے لیے اپریل میں ہی ہر وارڈ پر ایک آبزرور اور 5 رکنی کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے۔ تمام آبزرور اپنے اپنے وارڈ میں پوری سرگرمی کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور پارٹی کارکنوں کے ساتھ جڑ کر ووٹروں کے رجحان کا قریب سے جائزہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں بی جے پی کی ووٹ چوری کے خلاف شدید ناراضگی پائی جاتی ہے اور کانگریس کی دستخطی مہم میں شامل ہو کر عوام بی جے پی کے ذریعہ غیر آئینی طریقے سے حاصل کردہ اقتدار کے خلاف اپنا غصہ ظاہر کر رہے ہیں۔دہلی کانگریس صدر نے کہا کہ دہلی میں ’تنظیم تشکیل مہم‘ کے تحت پارٹی کو مضبوط کرنے کی تمام کوششیں اپنے انجام تک پہنچ گئی ہیں۔ 14 ضلعی صدور، 258 بلاک کانگریس صدور اور تقریباً 520 منڈلم نیٹورک کے تحت ہر منڈلم میں 5 سے 6 پولنگ بوتھوں پر سیکٹر انچارج مقرر کیے جا چکے ہیں۔ دہلی میں کانگریس پوری مضبوطی اور مستعدی کے ساتھ سرگرم ہے۔ دیویندر یادو مزید کہتے ہیں کہ ہمارا ہر کارکن دہلی کی گلی گلی، محلے محلے جا کر عوام کو بی جے پی کی ’ووٹ چوری’ کے بارے میں آگاہ کر رہا ہے اور دستخطی مہم کے تحت لوگوں کی رضامندی سے دستخط بھی لے رہا ہے۔آخر میں دیویندر یادو نے کہا کہ وقت اور حالات کو دیکھتے ہوئے ہم سبھی وارڈوں میں مضبوط امیدواروں کے ساتھ جیت کا ہدف لے کر کام کر رہے ہیں۔ وارڈ کا انتخاب چھوٹے پیمانے پر ہوتا ہے اور اسمبلی میں بی جے پی کی جیت کے باوجود لوگ آج بھی کانگریس کی بات کر رہے ہیں۔ اگر کانگریس کارکن پوری مضبوطی سے اپنا موقف پیش کریں تو ہم یقیناً ان ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔