ترکیہ میں اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کےلیے جاسوسی کے الزام میں 2 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ترکیہ کی انٹیلی جنس ایجنسی ایم آئی ٹی اور پولیس کے مشترکہ آپریشن میں گرفتاری کی گئی۔ گرفتار افراد میں ایک نجی جاسوس سرکان چچک اور وکیل تغرل ہان دیپ شامل ہیں۔ترک میڈیا کے مطابق سرکان چچک پر براہ راست موساد کےلیےکام کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے جب کہ وکیل تغرل ہان دیپ پر موساد سے منسلک ایجنٹس کو معلومات فروخت کا الزام ہے۔پراسیکیوٹر کے بیان کے بعد دونوں ملزمان کو عدالت نے حراست میں لینے کا حکم دیا۔ دونوں افراد پر سیاسی و عسکری مقاصد کیلئے خفیہ ریاستی معلومات حاصل کرنے کا الزام ہے۔ترک میڈیا کا کہنا ہے کہ سرکان چچک نے استنبول میں فلسطینی کارکن کی نگرانی کے بدلے 4ہزار ڈالر کرپٹو میں وصول کیے اور اپنی جاسوسی سرگرمیاں ایک نجی ڈٹیکٹیو ایجنسی کے ذریعے انجام دیں۔وکیل دیپ نے مالی فائدے کےلیے عوامی ریکارڈ سے معلومات موساد کو فراہم کیں۔ چچک پہلے بھی موساد کیلئے جاسوسی کرنے والے موسیٰ کوش کیساتھ کام کر چکا ہے۔ موسیٰ کوش کو اسرائیل کیلئے جاسوسی کےجرم میں 19سال قیدکی سزاسنائی گئی تھی۔