شادی کے لیے ہیلی کاپٹر لینا ہے تو کرایہ کتنا ہوگا؟

Wait 5 sec.

(10 اکتوبر 2025): پہلے بارات گھوڑوں اور گاڑیوں پر آتی تھی لیکن اب آسمان سے اترتی ہے ہیلی کاپٹر میں اور یہ ٹرینڈ زور پکڑ رہا ہے۔شادی ایک خوبصورت بندھن ہے جو دو افراد کو زندگی بھر کے لیے جوڑتا ہے۔ پہلے شادیاں بہت سادگی سے ہوتی تھی، پھر جیسے جیسے وقت گزرتا گیا، زمانے کی جدت کے ساتھ ساتھ شادیوں کی روایت بھی تبدیل ہوئی۔دولہا پہلے پیدل، پھر گھوڑوں پر اس کے بعد نئے نئے ماڈل کی گاڑیوں میں آنے لگے۔ اسی طرح پہلے باراتیں گھروں میں بٹھائی جاتی تھیں اور طعام بھی وہیں ہوتا تھا۔ پھر دور بدلا گھروں کی جگہ شامیانوں نے لی۔ شادی ہال اور اب جدید سے جدید بینکوئٹ اور مورک۔تاہم اب شادی میں مزید جدت آ رہی ہے اور صاحب حیثیت افراد میں بارات ہیلی کاپٹر میں لانے یا دلہن کو رخصت کر کے ہیلی کاپٹر سے نئے گھر لے جانے کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ بہت سے خاندان اب بارات کے لیے گاڑیاں نہیں بلکہ ہیلی کاپٹر کی بکنگ کراتے ہیں۔کئی ایسی پُرتعیش شادیاں منظر عام پر آ چکی ہیں جن میں دلہا دلہن کو آسمان سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ زمین پر اترتے دکھایا گیا ہے۔ آنکھوں کو یہ منظر حقیقی شادی نہیں بلکہ کسی فلم کا منظر لگتا ہے۔اگر آپ بھی کچھ ایسا ہی سوچ رہے ہیں تو ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ ہیلی کاپٹر کا کرایہ کتنے وقت اور مسافت کے لیے کتنا ہوگا۔بھارتی میڈیا کے مطابق پون ہنس، اریہنت، بلیو ہائٹس ایوی ایشن پرائیویٹ لمیٹڈ، بدری ہیلی کاپٹر، ایئر چارٹرس انڈیا اور ایکرویشن ایوی ایشن کمپنیاں شادی پر کرائے کے لیے ہیلی کاپٹر فراہم کر رہی ہیں اور ان کی یہ سروس انڈیا کے کسی بھی حصے میں حاصل کی جا سکتی ہے۔زیادہ تر کمپنیاں فی گھنٹہ کی بنیاد پر معاوضہ لیتی ہیں۔ تاہم اس کا انحصار ہیلی کاپٹر کا ماڈل، سائز، سیٹوں کی تعداد اور مسافت پر ہے۔رپورٹ کے مطابق ہیلی کا پٹر کا کرایہ کم سے کم 50 ہزار روپے فی گھنٹہ کے حساب سے شروع ہوتا ہے۔ تاہم بارات کی مسافت زیادہ ہونے پر یہ کرایہ لاکھوں تک میں بھی جا سکتا ہے۔اسی طرح اگر بارات کی مسافت زیادہ ہے یا 20 سے 30 نشستوں والا ہیلی کاپٹر چاہیے تو اس کا کرایہ فی گھنٹہ ڈیڑھ لاکھ تک بھی ہو سکتا ہے اور 5 سے 10 لاکھ تک بھی جا سکتا ہے۔تاہم ہیلی کاپٹر میں بارات لے جانے یا دلہن رخصت کرا کر لانے کے لیے صرف کرایہ ہی ادا نہیں کرنا پڑتا بلکہ ہیلی کاپٹر اتارنے کے لیے مطلوبہ جگہ ہیلی پیڈ بنانا، لینڈ سائٹ بنانا اور دیگر حفاظتی اقدامات کرنا ہوتے ہیں، جو اضافی اخراجات ہیں۔ جب کہ ہیلی کاپٹر کو اتارنے کے لیے انڈین ایئر فورس، ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا، یا مقامی اتھارٹی سے منظوری بھی درکار ہوتی ہے۔