ہماچل پردیش بی جے پی صدر کے بھائی اور روایتی علاج کے ڈاکٹر رام کمار بندل کو ایک 25 سالہ خاتون سے طبی معائنہ کے بہانے زیادتی کرنے کے الزام میں جمعہ کے روز گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس حکام نے بتایا کہ ریاستی بی جے پی صدر راجیو بندل کے بڑے بھائی رام کمار نے مبینہ طور پر 7 اکتوبر کو خاتون کا جنسی استحصال کیا تھا۔ انہیں سولن سے گرفتار کیا گیا ہے۔متاثرہ خاتون نے 8 اکتوبر کو سولن کے خاتون تھانہ میں شکایت درج کرائی تھی۔ پولیس کو دی گئی شکایت میں خاتون نے بتایا کہ وہ کافی عرصہ سے ایک بیماری میں مبتلا ہے اور 7 اکتوبر (منگل) کو سولن کے پرانے بس اسٹینڈ کے قریب ایک آیورویدک ڈاکٹر (رام کمار بندل) سے مشورہ لینے گئی تھی۔ ایس پی گورو سنگھ نے بتایا کہ اس معاملہ کی تفتیش جاری ہے۔خاتون نے الزام لگایا ہے کہ ڈاکٹر رام کمار نے اسے مکمل صحت یابی کا یقین دلایا۔ اس کے بعد اس نے خاتون سے جنسی نوعیت کے سوالات پوچھے اور اس کی اجازت کے بغیر اس کے عضو خاص کا معائنہ شروع کر دیا۔ متاثرہ خاتون نے الزام لگایا کہ میڈیکل جانچ کے بہانے اس کے ساتھ بدفعلی کی گئی اور وہ کسی طرح ملزم کو دھکا دے کر وہاں سے بھاگنے میں کامیاب ہوئی۔پولیس نے بتایا کہ اس معاملہ میں بھارتیہ نیائے سنہیتا (بی این ایس) کی دفعہ 64 اور 68 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق شکایت ملنے کے بعد ابتدائی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور جنگا واقع ریاستی فورنسک سائنس لیباریٹری کی ٹیم نے شواہد کے نمونے اکٹھے کیے ہیں۔ جمعہ کے روز ملزم کو باقاعدہ گرفتار کر لیا گیا۔دوسری جانب، ریاستی بی جے پی میڈیا سیل کے کنوینر کرن نندا نے کہا کہ ’’میڈیکل رپورٹ کا انتظار ہے۔ اس کے بعد ہی کچھ کہا جائے گا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ متعلقہ شخص (ملزم) کی عمر 78 سال ہے، ان کی سماجی ساکھ اچھی ہے اور انہوں نے سناتن دھرم کو مضبوط کرنے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ یہ معاملہ سیاسی طور پر متاثر ایک بدنیتی پر مبنی سازش معلوم ہوتا ہے۔